Daily Mashriq

حکومت خارجہ محاذ پر کامیابی سے اہداف کے حصول کی جانب بڑھ رہی ہے، وزیرخارجہ

حکومت خارجہ محاذ پر کامیابی سے اہداف کے حصول کی جانب بڑھ رہی ہے، وزیرخارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت خارجہ محاذ پر اہداف کے حصول کی جانب کامیابی سے گامزن ہے۔

 اتوار کے روز ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین ،جاپان اور ایران تینوں اہم ملک ہیں اور پاکستان آئندہ چند روز میں ان ملکوں کے ساتھ رابطے شروع کررہا ہے۔

 انہوں نےکہا کہ وزیراعظم چین کا دورہ کریں گے جہاں وہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم کسی افتتاحی نشست میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے وہ فورم سے خطاب بھی کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اس دورے کے دوران عمران خان چین کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

 انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ایران کا دورہ بھی کریں گے جبکہ وہ خود جاپان کا دورہ کریں گے۔

وزیر خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ بھارت کی جانب سے حملے کا خطرہ ابھی تک موجود ہے اورہمیں اگلے ماہ کی انیس تاریخ کو بھارت میں انتخابی عمل کے اختتام تک چوکس رہناچاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت کوئٹہ میں دہشت گردی کےحالیہ واقعے کی تحقیقات کرکے اس گھناونی کارروائی میں  کسی  بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے یا نہ ہونے کا تعین کرے گی۔

افغانستان کے بارے میں انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں دیر پاامن اوراستحکام کےلئے امریکہ اور طالبان کےدرمیان بات چیت کے عمل میں معاونت کررہا ہے۔ انہوں نےکہاکہ توقع ہے کہ امریکہ اور طالبان کل دوبارہ ملاقات کریں گے۔

  وزیرخارجہ نےکہاکہ پاکستان کا افغانستان کے داخلی اُمور میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ امن عمل کو آگےبڑھانا چاہتا ہے۔

متعلقہ خبریں