Daily Mashriq

ملک بھر میں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

ملک بھر میں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

ملک بھر میں 72 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھرمیں جہاں جہاں پاکستانی مقیم ہیں وہ آج  14اگست کو یوم آزادی ’’کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘ کے جوش وجذبے کے تحت منا رہے ہیں۔ یوم آزادی پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں وطن کی سلامتی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کی دعاؤں سے ہوگا۔

لاہور میں طلوع فجر سے قبل محفوظ شہید گیریژن میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی، مزار اقبال پر سلامی اور گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوگی۔

وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی دی جائے گی اور یوم آزادی کی مرکزی تقریب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر منعقد ہوگی۔

رات کو سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا، مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کرتے ہوئے دعائیہ تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

یوم آزادی پر اپنے پیغام میں صدرعارف علوی نے کہا ہے بھارتی حکومت کا کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کایکطرفہ فیصلہ گھناؤنی سازش اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور شملہ معاہدہ کی سنگین خلاف ورزی ہے، بھارت جان لے آزادی کی تحریکوں کواوچھے ہتھکنڈوں اورجبر و ستم سے دبایا نہیں جا سکتا۔

وزیراعظم عمران خان نے اندرون و بیرون پاکستانیوں کو مبارکبادی پیغام میں کہا آج ہم سب اس عزم کا اعادہ کریں کہ ترقی یافتہ اور خوشحال مملکت بنانے کیلیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

یوم آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی جشن آزادی منانے کے لیے فیملیز اور منچلوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، شہری گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر گھومنے لگے اور پاکستان زندہ باد کے ساتھ ساتھ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے بھی لگاتے رہے۔ کچھ نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالتے رہے اور گاڑیوں کو شاہراہوں کے درمیان کھڑی کرکے گانوں کی دھنوں پر رقص کرتے رہے۔

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تحریک  آزادی دبانے کے لیے جو یک طرفہ اقدام کیا ہے اس نے پوری پاکستانی قوم کو جگا دیا ہے اور ہرپاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے قومی پرچم کے ساتھ آزاد کشمیر کا پرچم بھی لہرا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں جب کہ بچوں کا جوش و جذبہ بھی دیدنی ہے۔

دنیا بھر کی طرح  پاکستانی قوم نے بھی تحریک آزادی کشمیر کے خلاف بھارتی ہتھکنڈے مسترد کردیئے ہیں اور اس بار یوم آزادی کو بطور یکجہتی کشمیر منانے کا عزم کیا ہے۔

متعلقہ خبریں