Daily Mashriq

آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جاری

آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جاری

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جہاں وزیراعظم عمران خان بھی خطاب کریں گے۔

آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد بارگاہِ رِسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیا گیا۔

اسپیکر آزاد جموں و کشمیر نے اجلاس کے آغاز میں وزیر اعظم عمران خان کی مظفرآباد آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان مظفر آباد پہنچے تو صدر اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے ان کا استقبال کیا جبکہ پولیس کے دستے نے انہیں سلامی بھی پیش کی۔

مظفرآباد پہنچنے پر صدر اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا جہاں پولیس کے دستے نے انہیں سلامی دی۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے بعد کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے یوم آزادی کو 'یوم یکجہتی کشمیر' کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔

حکومت پاکستان نے یوم آزادی کے لیے کشمیر کی مناسبت سے خصوصی 'لوگو' بھی جاری کیا تھا۔

یہ لوگو بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے ملکی آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کے بعد وادی کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

لوگو 'کشمیر بنے گا پاکستان' کے عنوان پر مبنی ہے، جس پر لفظ کشمیر سرخ رنگ میں لکھا گیا ہے جو جدوجہد آزادی کے دوران دی گئی قربانیوں کو ظاہر کرتا ہے۔

پاکستان کا پرچم مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہر حد تک جانے کے پاکستانیوں کے عزم کی ترجمانی جبکہ لوگو کے گرد سرخ پٹی بھارت کے غیر قانونی قبضے اور مقبوضہ وادی میں اس کے مظالم کو اجاگر کرتی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان یوم آزادی اور یوم اظہار یکجہتی کشمیر میں منائیں گے۔

بیان میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان مظفر آباد کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ عید الاضحیٰ پر حکومت اور اپوزیشن کے رہنماؤں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کا مثالی مظاہرہ دیکھنے میں آیا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کی مرکزی جامع مسجد میں ایک ساتھ نماز عید الاضحیٰ ادا کی تھی۔

متعلقہ خبریں