Daily Mashriq

کشمیر سے متعلق میرے بیان کو بھارتی میڈیا نے توڑ مروڑ کر پیش کیا، شاہد آفریدی

کشمیر سے متعلق میرے بیان کو بھارتی میڈیا نے توڑ مروڑ کر پیش کیا، شاہد آفریدی

ویب ڈیسک:قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کشمیر سے متعلق  اپنے بیان پر بھارتی میڈیا  کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے وضاحتی بیان میں شاہد خان آفریدی نے کہا کہ میں کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتا ہوں، انھیں ان کا حق ضرور ملنا چاہیے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں، ان کا حق ملنا چاہیے، بھارتی میڈیا میرا بیان توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے، میں کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت پر خوش ہوتے ہیں، انہیں اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑتا ہے، کشمیر میں انسانیت زندہ رہنی چاہیے،وہاں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہوتا ہے۔

 شاہد آفریدی نے اپنی ایک دوسری ٹویٹ میں لکھا کہ میڈیا پر گردش کرنے والی ان کی ویڈیو نامکمل اور سیاق وسباق سے ہٹ کر ہے، میں نے پہلے کیا کچھ کہا اسے کاٹ کر چلایا جا رہا ہے۔

قومی کرکٹر کا کہنا ہے کہ بھارت کے ظالمانہ قبضے میں کشمیر ایک متنازع مسئلہ ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کا حل ضروری ہے، ہر پاکستانی کی طرح میں بھی کشمیریوں کی تحریک آزادی کی بھرپور حمایت کرتا ہوں، اور اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔

متعلقہ خبریں