Daily Mashriq

نوجوان ہماراہراول دستہ ہیں،ان کے مسائل حل کریںگے،وزیراعلیٰ

نوجوان ہماراہراول دستہ ہیں،ان کے مسائل حل کریںگے،وزیراعلیٰ

پشاور(مشرق نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا ویژن ، پالیسی اور منشور دیگر روایتی سیاسی جماعتوں سے یکسر مختلف ہے ، آئی ایس ایف بھی اسی نظریے کے تحت جدوجہد میں مصروف ہے ، ہم افراد کی بجائے اداروں کو مضبوط کرنے اور مخصوص حلقوں کی بجائے پورے صوبے کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں تاہم پسماندہ اور ترقی سے محروم اضلاع پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ پشاورسے ڈی آئی خان ایکسپریس وے کی تعمیرجنوبی اضلاع کی ترقی کے لئے انقلابی اقدام ثابت ہوگا جسے سی پیک روٹ سے منسلک کیا جائیگا۔ چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کی تکمیل سے جنوبی اضلاع میں شعبہ زراعت کی ترقی کو مزید فروغ ملے گا۔ہم طلباء کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہیں اسی وجہ سے تعلیمی اداروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے جنوبی اضلاع کے تمام کالجز میں اساتذہ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پندرہ دن کے اندر اندر متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی اور کہا کہ رپورٹ کی روشنی میں تمام کالجز میں سٹاف اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن جنوبی اضلاع کے نمائندہ وفد سے خطاب کر رہے تھے ۔ ایم این اے شاہد خان خٹک ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے قبائلی اضلاع اجمل خان وزیر، آئی ایس ایف کے رہنماؤں مینا خان آفریدی، علامہ اقبال داوڑ ، ڈاکٹر شفقت حیات کے علاوہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے نمائندوں نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن تحریک انصاف کا ہر اول دستہ ہے ۔ نوجوانوں کی محنت اور لگن سے ہی تحریک انصاف کو دوسری دفعہ خیبرپختونخوا میں اقتدار ملا ہے ۔ ہمیں آئی ایس ایف کے مسائل کا احساس ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ کرک ، کوہاٹ اور ہنگو سمیت تمام جنوبی اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل کے خاتمے کے لئے میگا منصوبے شروع کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے 54th فرنٹیئر کور ویک میں منعقد ہونے والے پولو میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جس میں ٹیم ہیڈکوارٹر فرنٹیئر کور اور ٹیم ہیڈ کوارٹر 11 کور کے درمیان ایک دلچسپ مقابلے میں ٹیم ہیڈ کوارٹر فرنٹیئر کور نے آٹھ گول کرکے فتح حاصل کی۔ ٹیم ہیڈ کوارٹر 11 کور تین گول کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ میچ کا انعقاد پولو گرائونڈ پشاور میں کیا گیا جس کے ہاف ٹائم کے دوران محسود، بٹنئی ، چترال، خٹک اور کیلاش ڈانسنگ مارچ پارٹیز نے اپنے اپنے علاقوں کے ثقافتی رقص پیش کرکے محفل کو چار چاند لگائے۔ تقریب میں سکولو ں اور کالجوں سے آئے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ محمود خان نے جیتنے والی ٹیم اور کھیل میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

متعلقہ خبریں