Daily Mashriq

ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے ایک حولدار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر میں پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا۔

بھارت کی اس اشتعال انگیزی سے 33 سالہ حولدار ناصر حسین شہید ہوگئے۔

شہید ناصر حسین کا تعلق پنجاب کے علاقے نارووال سے تھا جنہوں نے 16 سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔

حاجی پیر سیکٹر آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں واقع ہے جسے گزشتہ کئی دنوں سے بھارتی فورسز کی جانب بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

خیال رہے کہ ناصر حسین گزشتہ 3 روز کے دوران حاجی پیر سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے دوسرے جوان ہیں۔

ان سے قبل سپاہی غلام رسول بھی بھارتی فورسز کا نشانہ بن کر شہید ہوگئے تھے جن کا تعلق پنجاب کے علاقے بہاولنگر سے تھا۔

خیال رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدام کے بعد ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بھارتی فوج ایل او سی پر جدید ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے جبکہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے بھی نشانہ بنایا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ 2 برس میں بھارت نے ایک ہزار 9 سو 70 مرتبہ سے زائد مرتبہ ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف وزری کی۔

بھارت کی جانب سے 5 اگست کو اپنے آئین کی دفعہ 370 اور 35 اے کا خاتمہ کردیا گیا تھا، جس کے ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت ختم ہوگئی تھی۔

اس اعلان سے کچھ گھنٹوں قبل ہی بھارت نے مقبوضہ وادی میں ہزاروں کی تعداد میں اضافی فوج تعینات کرکے وہاں لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ کردیا تھا جبکہ مواصلاتی نظام بھی مکمل طور پر بند کردیا تھا اور یہ کرفیو تاحال جاری ہے جبکہ ایل او سی پر بھی حالات کشیدہ ہیں۔

گزشتہ ماہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی نازک صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر فائرنگ کرکے 4 پاکستانی فوجی جوانوں کو شہید کردیا تھا۔

پاک فوج کی جوابی کارروائی سے 5 بھارتی فوج ہلاک ہوگئے تھے۔

20 اگست کو پاک فوج نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر موثر جواب دیتے ہوئے ایک افسر سمیت 6 بھارتی فوجیوں کو ہلاک، کئی کو زخمی اور 2 بنکرز کو تباہ کردیا تھا۔

متعلقہ خبریں