Daily Mashriq

کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، درجہ حرارت کم ہوگیا

کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، درجہ حرارت کم ہوگیا

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں پیر کے روز معمولی بارش جبکہ منگل کے روز گردوغبار اور طوفان کا امکان ہے — فائل فوٹو/سلمان خان

سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں تیز ہواؤں کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ آج بروز پیر اور منگل شہر میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا گیا کہ ایران سے پاکستان میں داخل ہونے والے ہوا کے نظام کے باعث صوبہ بلوچستان اور سندھ کے متعدد علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں پیر کے روز معمولی بارش جبکہ منگل کے روز گردوغبار اور طوفان کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ سندھ کے دیگر حصوں سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بھی آئندہ 2 روز تک ایسا ہی موسم رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ روز سے ملک کے دیگر علاقے مغربی ہواؤں سے متاثر ہیں۔

ادارے نے بتایا کہ 'اس نظام کے ملک میں داخل ہونے کی وجہ سے سندھ کے مختلف علاقوں میں گردوغبار اور طوفان کا امکان ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ موسمی نظام سے کراچی ڈویژن کے علاوہ سکھر، لاڑکانہ، بینظیر آباد اور حیدرآباد متاثر ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ان دنوں کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں شدید گرمی کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا تھا اور کراچی میں درجہ حرارت 32 سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا تھا۔

متعلقہ خبریں