Daily Mashriq


لواری ٹنل دو دن کھلا رکھا جائے

لواری ٹنل دو دن کھلا رکھا جائے

ہفتے میں ایک دن لواری ٹنل کھلنے پر لواری ٹنل کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاروں اور رش کے باعث بچوں' ضعفاء اور خواتین سمیت دیگر مسافروں پر اس یخ بستہ اور خون و گودا منجمد کرنے والی سردی میں کیا گزر گئی ہوگی اس کا اندازہ گرم کمروں میں بیٹھے حکام کو ہو نہیں سکتا۔ وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے پشاور میں ایک تقریب میں حکومت کی طرف سے لواری ٹنل ہفتے میں دو دن کھلا رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ چترال کے عمائدین' سیاسی عناصر' تجار اور عوام بیک زبان لواری ٹنل کو ہفتے میں تین دن کھلا رکھ کر مسافروں کی مشکلات میں کمی لانے کا بار بار مطالبہ کر رہے ہیں لیکن اس ضمن میں ہنوز کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔ چترال کے لئے پی آئی اے کی پروازیں حویلیاں میں طیارے کے حادثے کے بعد سے معطل ہیں۔ چترال اس جدید دور میں ہفتہ بھر کے لئے ملک بھر سے کٹا رہتا ہے مگر اس کا حل موجود ہونے کے باوجود کوئی پرسان حال نہیں۔ انجینئر امیر مقام کو چاہئے کہ وہ اپنے وعدے کی تکمیل کرائیں اور ہفتے میں لواری ٹنل کم از کم دو دن مسافروں کی آمد و رفت کے لئے ضرور کھلا رکھا جائے۔

متعلقہ خبریں