Daily Mashriq

وزیراعظم کے اسٹارٹ اپ پروگرام کیلئے آئیڈیا جسٹ کا سرمایہ کاری میں اضافے کا اعلان

وزیراعظم کے اسٹارٹ اپ پروگرام کیلئے آئیڈیا جسٹ کا سرمایہ کاری میں اضافے کا اعلان

اسلام آباد: دنیا کی سب سے بڑی انکیوبیٹر نے اینٹر پرنیورشپ اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں جدت کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے وژن میں تعاون کے لیے ٹیکنالوجی کی سرمایہ کاری 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 10 کروڑ ڈالر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

آئیڈیا جسٹ کے بانی حسن سید نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 4 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں نئے منصوبوں کے آغاز اور ان کی رفتار تیز کرنے پر خرچ کی جائے گی۔

انہوں نے ایک کھرب روپے کے مالیاتی پروگرام کا تصور پیش کیے جانے کے چند ماہ کے عرصے کے دوران ہی اس کے آغاز پر وزیراعظم عمران خان اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کو مبارکباد پیش کی۔

خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک نے ہفتے کے روز ملک میں ذاتی روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے لیے 100 ارب روپے کا سبسڈائز مالیاتی پروگرام متعارف کروایا تھا۔

حسن سید کا کہنا تھا کہ اس سے پاکستان کے جدت طرازی ماحول میں تجارتی طور پر سرمایہ کاری کرنے کی ایک کمرشل فضا قائم ہوئی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پر زور دیا کہ جدید ماحول کے فروغ کے لیے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی تخلیقی راہیں تلاش کریں۔

آئیڈیا جسٹ 7 اہم ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے لیے تیز رفتار اور انکیو بیٹر پروگرام شروع کر رکھا ہے جس میں تھری ڈی پرنٹنگ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، انٹیلیجنٹ وہیکل، اسمارٹ روبوٹس، بلاک چین، انٹرنیٹ آف تھنگز اینڈ آگیو مینٹڈ ریئلیٹی شامل ہے۔

دنیا کے سب سے ڈیجیٹل انکیوبیٹر اوروزیراعظم کے اسٹارٹ اپ پروگرام کا بڑا معاون آئیڈیا جسٹ ملک بھر میں 590 انکیوبیٹر اور ایکسلیٹر کا آغاز کرنے جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں