Daily Mashriq

شان شاہد بولی وڈ کنگ شاہ رخ سے ناراض، وجہ 'دی لائن کنگ'

شان شاہد بولی وڈ کنگ شاہ رخ سے ناراض، وجہ 'دی لائن کنگ'

پاکستان کے نامور اداکار شان شاہد بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان پر کافی غصہ ہورہے ہیں اور انہوں نے اپنی ناراضگی کا اظہار سوشل میڈیا پر کیا۔

شان شاہد ڈزنی کی مقبول کارٹون فلم 'دی لائن کنگ' کے جلد ریلیز ہونے والے لائیو ایکشن ریمیک کے لیے بولی وڈ اداکار کی جانب سے کیے وائس اوور کی وجہ سے خفا ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ڈزنی نے اعلان کیا تھا کہ لائن کنگ کے ایکشن ریمیک کے لیے فلم کے کردار'مفاسا' کو شاہ رخ خان اپنی آواز دیں گے، جبکہ 'سمبا' کے کردار کو شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی آواز دی جائے گی۔

 جس کے بعد چند روز قبل شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے کی جانب سے دیے وائس اوورز کے پہلے ٹیزرز بھی ریلیز کردیے گئے۔

البتہ شان شاہد کو ڈزنی کی یادگار فلم کے لیے یہ ہندی ڈبنگ بالکل پسند نہیں آئی۔

 اداکار نے اپنے سوشل میڈیا پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 'برائے مہربانی ایک یادگار فلم کو ایسی ہندی ڈبنگ دے کر تباہ نہ کریں، شاہ رخ خان کی آواز میں کوئی فرق نہیں، یہ بالکل ویسی ہی وائس اوور ہے جیسی وہ اپنی دیگر فلموں کے لیے دیتے ہیں، کم از کم ایک شیر کو آواز دینے کے لیے اپنی آواز کے تاثر کو تو تبدیل کرلیتے'۔

واضح رہے کہ 1994 کی کارٹون فلم 'دی لائن کنگ' میں مفاسا کے کردار کو ہولی وڈ اداکار جیمز ارل جونس نے اپنی آواز دی تھی، جو آج بھی مداحوں میں اتنی ہی مقبول ہے، جبکہ سمبا کو اداکار میتھیو بروڈرک نے اپنی آواز دی۔

 شان نے اس حوالے سے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ 'جیمز ارل جونس یقیناً مذاق اڑا رہے ہوں گے، شاہ رخ خان جو بات سمجھنے میں ناکام رہے وہ یہ کہ لائن کنگ کے کرداروں کو ڈبنگ آرٹسٹ کے چہرے کے تاثرات کے حساب سے تیار کیا گیا، اگر آپ سمبا کو دیکھیں تو آپ کو اداکار میتھیو بروڈرک نظر آئیں گے'۔

یاد رہے کہ دی لائن کنگ جنگل کے راجا ایک شیر اور اس کے بیٹے کی کہانی ہے۔

متعلقہ خبریں