Daily Mashriq

وزیراعظم نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کردیا

وزیراعظم نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کردیا

وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کے لئے رجسٹریشن کا آغاز کا افتتاح کر دیا ہے،اس عمل کے ذریعے ملک بھر میں تنخواہ دار اور متوسط طبقہ کے گھروں کی تعمیر کے حوالے سے وسائل اور گھروں کی طلب کے بارے میں معلومات حاصل ہو سکیں گی جس کے بعد یہ سکیمیں شروع کی جائیں گی۔

 اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ و ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت آن لائن رجسٹریشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بناءپر ہمارا بینکنگ کا نظام گھر بنانے کے لئے فنانسنگ نہیں کر رہا تھا، اس صورتحال میں صرف وہی لوگ گھر بنا سکتے تھے جن کے پاس نقد رقم موجود تھی، اس حوالے سے نیا آرڈیننس لا رہے ہیں جس کی کابینہ منگل کو منظوری دے گی، اس آرڈیننس سے گھروں کی تعمیر کے لئے فنانسنگ کا عمل آسان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت ایک کروڑ سے زائد نئے گھروں کی ضرورت ہے، پاکستان میں زیادہ ترلوگ گھربنانے کی استداد نہیں رکھتے، نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کے تحت ہم نے بے گھر افراد کے لئے گھر بنانے ہیں۔

  وزیراعظم نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہوگا کہ نچلے طبقے کے لیے لوگ گھر بنانے کے لیے آرہے ہیں، ماضی میں پیسے والے لوگوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیمیں آتی تھیں، گھروں کی تعمیر سے 40 انڈسٹریز کا پہیا چلنا شروع ہو جائے گا۔

 ملک بھر میں گھروں کی کتنی ضرورت ہے، اس بارے میں معلومات لیں گے، اسی حوالے سے یہ رجسٹریشن شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت لوگ اپنے وسائل سے آگاہ کریں گے کہ وہ کتنی ماہانہ رقم دے سکتے ہیں، پھر ان وسائل اور استعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم یہ سکیمیں شروع کریں گے۔

 خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر سے متعلق آج رجسٹریشن کے آغاز کا افتتاح کر دیا ہے، اسکیم کے سلسلے میں ہر خاندان سے ایک ہی فرد کی رجسٹریشن قبول کی جائے گی، رجسٹریشن فارم نادرا کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

  نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت متوسط طبقے کو انتہائی آسان اقساط پر گھر دیے جائیں گے، ہاؤسنگ اسکیمز میں اسکول، مساجد، کمیونٹی سینٹر، اور میڈیکل سینٹرز کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

متعلقہ خبریں