Daily Mashriq

پاکستان اپنےسفارتکاروں کی حفاظت کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے،ترجمان دفترخارجہ

پاکستان اپنےسفارتکاروں کی حفاظت کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے،ترجمان دفترخارجہ

ویب ڈیسک:بھارت اپنے انتخابات میں ہمیں ملوث نہ کرے، پاکستان اپنے سفارتکاروں کی حفاظت کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ۔

اسلام آباد میں دفترخارہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور کئی کشمیری رہنما نظر بند ہیں، پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اٹھایا ہے اور اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم کے مقبوضہ وادی کا دورہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے لیکن بھارت کیجانب سے جان بوجھ کر اقوام متحدہ کی ٹیم کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے کمشنر نے بھی بھارتی خلاف ورزیوں پرافسوس کااظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نےنئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کے معاملے پر کہا کہ تسلسل کے ساتھ پاکستانی سفارت کاروں کو  ہراساں کئے جانے کے واقعات ہو رہےہیں، تاہم بھارت بھارتی حکومت کی جانب سے سفارتکاروں کے تحفظ کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیےگئے، پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کے بچوں کی گاڑی کو روکا گیا اور کوئی وجہ بتائے بغیر چالیس منٹ تک گاڑی کو روکے رکھا گیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے ملزمان کی تصاویر اور ویڈیو بھی فراہم کی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھارتی سفارت کاروں کے ساتھ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، اگر اس قسم کا کوئی واقعہ پیش آیا ہے تو ہمیں آگاہ نہیں کیا گیا۔ پاکستان اپنے سفارتکاروں کی حفاظت کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے۔ بھارت اپنی مقامی سیاست اپنے ملک میں ہی کرے اور اپنے انتخابات میں پاکستان کو ملوث نہ کرے، پاکستانی سیاست اور انتخابات میں بھارت کا کوئی ذکر نہیں ہوتا۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں اور بھارت کے ساتھ ہتھیاروں کا بھی کوئی مقابلہ نہیں، لیکن پاکستان خطے میں توازن کا حامی ہے اور ہتھیاروں کے حوالے سے عدم توازن خطے میں عدم استحکام کا باعث بنے گا۔

متعلقہ خبریں