Daily Mashriq


رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا

ویب ڈیسک:ماہ رمضان المبارک 1439 کاچاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس بدھ 16 مئی کو کراچی میں ہوگا۔

مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک 1439ھ کے چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس بدھ 16 مئی کو بعد نمازِ عصر کراچی میں ہوگا۔ جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہوں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق ملک بھر میں ضلعی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقررہ مقامات پر ہوں گے۔ چاند نظر آنے کی  شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔ چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھ کرکریں گے۔

دوسری جانب رویت ہلال ریسرچ کونسل کی سیکرٹری جنرل خالداعجازمفتی کے مطابق رمضان المبارک کا چاند 15 مئی کی سہہ پہر 4 بج کر48 منٹ پر پیدا ہوگا جسے 16 مئی بدھ کی شام غروب آفتاب کے وقت لاہورسمیت ملک کے تمام شہروں میں باآسانی دیکھا جاسکے گا، 16 مئی بدھ کی شام پاکستان کے تمام شہروں میں چاند کی عمر 26 گھنٹے سے زائد ہوگی، جس کی وجہ سے 29 شعبان المعظم کی شام رمضان المبارک کا چاند نظرآنے کے قوی امکانات ہیں۔

متعلقہ خبریں