Daily Mashriq

'میں اتنے گھٹیا انسان کی بیوی نہیں ہوسکتی'

'میں اتنے گھٹیا انسان کی بیوی نہیں ہوسکتی'

پاکستان کی نامور اداکارہ حرا مانی اس وقت اپنے ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کے لیے کافی چرچے میں ہیں۔

وہ اس ڈرامے میں 'ہانیہ' نامی ٹیچر کا کردار نبھارہی ہیں جو ہمایوں سعید کے کردار دانش کے بیٹے کو پڑھاتی ہیں۔

اس حوالے سے اداکارہ نے حال ہی میں دیے ایک انٹرویو میں بات کی۔

اداکارہ کا کردار جب اس ڈرامے میں سامنے نہیں آیا، تو بہت سے مداحوں کو ایسا لگ رہا تھا کہ حرا اس ڈرامے میں عدنان صدیقی کے کردار 'شاہ وار' کی اہلیہ کے روپ میں نظر آئیں گی۔

جب انٹرویو کے دوران یہی سوال حرا سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ 'میں اتنے گھٹیا انسان کی بیوی نہیں ہوسکتی'۔

جس کے بعد انہوں نے اپنے مذاق کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عدنان صدیقی بہت اچھے ہیں البتہ ان کا کردار بےحد خطرناک ہے۔

اپنے انٹرویو میں حرا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس ڈرامے کی کہانی میں آگے جاکر دو کرداروں کے قتل بھی ہوں گے۔

میرے پاس تم ہو ڈرامے میں حرا مانی اور عدنان صدیقی دونوں معاون کردار نبھا رہے ہیں جبکہ اس ڈرامے میں ہمایوں سعید اور عائزہ خان مرکزی کردار نبھارہے ہیں۔

اس ڈرامے میں عائزہ خان کے ہوتے ہوئے معاون کردار نبھانے کے حوالے سے اداکارہ نے کہا کہ 'میں خود پہلے سوچ رہی تھی کہ اپنے ڈرامے دو بول کی کامیابی کے بعد کیا مجھے ایسا ڈراما سائن کرنا چاہیے جس میں میرا ایک سادہ سا کردار ہو، اس پر ہمایوں نے مجھے سمجھایا کہ جس موقع پر میں اس ڈرامے کا حصہ بنوں گی اور اگر یہ ڈراما کامیاب ثابت ہوگیا تو مجھے اور بھی زیادہ مقبولیت ملے گی'۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اس ڈرامے کو سائن کرنے کی واحد وجہ یہ تھی کہ وہ ہدایت کار ندیم بیگ کے ساتھ کام کرنے کا موقع حاصل کرنا چاہتی تھی۔

حرا کا کہنا تھا کہ ندیم بیگ ایک بہترین ہدایت کار ہیں، وہ چاہیں ڈراما بنائیں یا فلم، ان کا ہر پروجیکٹ شاندار ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ ندیم بیگ کی ہدایات میں بننے والے اس ڈرامے کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کی۔

حرا کے کیریئر کے حوالے سے بات کی جائے تو وہ 'دو بول' کے علاوہ 'یقین کا سفر'، 'دل موم کا دیا'، 'آنگن' اور 'بندش' جیسے کامیاب ڈراموں میں کام کیا ہے۔

متعلقہ خبریں