Daily Mashriq

بھارت پاکستان کے خلاف جعلی آپریشن کا ارتکاب کرسکتا ہے،وزیر خارجہ

بھارت پاکستان کے خلاف جعلی آپریشن کا ارتکاب کرسکتا ہے،وزیر خارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف جعلی آپریشن سمیت کسی بھی قسم کی جارحیت کا ارتکاب کرسکتا ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آج ایک بیان میں کہاکہ کشمیر کی حقیقی آواز کشمیری ہیں جوگزشتہ سو روز سے زائد عرصے سے بھارتی مظالم کا استقامت سے سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ،وزیراعظم اور دفتر خارجہ کشمیریوں کی آواز بن چکے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ Tom Lantos انسانی حقوق کمیشن نے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے بارے میں سماعت کی۔انہوں نے کہاکہ سماعت کے دوران انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا کہ بھارت میں ہندو قوم پرستی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون جاری ہے اورانسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کی جا رہی ہیں انہوں نے کہاکہ اظہار رائے ، مذہب اور نقل وحرکت کی آزادی میں بھی رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔وزیرخارجہ نے کہاکہ انسانی حقوق کمیشن نے بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں سے نارواسلوک پرتحفظات کا بھی اظہارکیا ۔کمیشن نے بابری مسجد کے بارے میں بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی گہری تشویش ظاہر کی کمیشن نے محکمہ خارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں محاصرہ ختم کرنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔پینل نے اقوام متحدہ کے بین الاقوامی مبصرین کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دینے اور انسانی حقوق بحال کرنے کا مطالبہ کیا ۔کمیشن نے مقبوضہ کشمیر میں پبلک سروس ایکٹ ختم کرنے کیلئے کہا۔

متعلقہ خبریں