Daily Mashriq

حکومت عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، معاون خصوصی اطلاعات

حکومت عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، معاون خصوصی اطلاعات

اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت احساس اور صحت انصاف کارڈز جیسے پروگرام متعارف کرا کے عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے کاروبار کو آسان بنا کر برآمدات پر مبنی صنعت کوفروغ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے کیونکہ سول اور عسکری قیادت ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو خدمات کی بہتر فراہمی کیلئے قومی اداروں میں اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جموں وکشمیر ایک قومی مسئلہ ہے اور حزب اختلاف کی تمام جماعتوں کو دنیا بھر میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بے نقاب کرنے کیلئے حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ روس اور چین جیسی عالمی طاقتیں پاکستان کے موقف کی حمایت کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ سے پوری دنیا متاثر ہوگی۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا اور بھارت کو کہا کہ وہ مقبوضہ وادی میں کرفیو ختم کرے۔

متعلقہ خبریں