Daily Mashriq

بل بورڈ پر افغان پرچم آویزاں کرنیوالا افغان باشندہ گرفتار

بل بورڈ پر افغان پرچم آویزاں کرنیوالا افغان باشندہ گرفتار

پشاور(کرائمز رپورٹر)پشاورکے علاقہ ٹائون میں سائن بورڈ پر افغانستان کا قومی جھنڈا آویزاں کرنے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر مقامی پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے جھنڈا لگانے میں ملوث افغان باشندے کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے خلاف پاک افغان عوام کے مابین منافرت اوردشمنی کو فروغ دینے کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز فیس بک اوروٹس ایپ گروپس میں پشاورکے علاقہ ٹائون بازار کی ایک تصویر وائرل کی گئی جس میںایک لڑکا بورڈ بازار کینال روڈ پر سڑک کنارے لگے سائن بورڈ پر افغانستان کا قومی جھنڈا آویزاں کررہا تھا تصویر وائرل ہونے پر مقامی انتظامیہ حرکت میں آگئی اورانہوں نے کارروائی کرتے ہوئے جھنڈا لگانے کے واقعہ میں ملوث افغان باشندے نعمت ولد سردار سکنہ افغانستان حال تاج آباد کو گرفتار کرلیا گرفتار ہونے والا ملزم بازار میں سبزی فروخت کرتا ہے اوراس نے یہ جھنڈا پاکستان کے یوم آزادی سے دو روز قبل 12 اگست کو سائن بورڈ پر آویزاں کیا تھا پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمات درج کرکے اس سے مزید تفتیش شرو ع کردی ہے۔

متعلقہ خبریں