Daily Mashriq


پرانا پاکستان بمقابلہ نیا پاکستان

پرانا پاکستان بمقابلہ نیا پاکستان

نیا پاکستان اور پرانا پاکستان اب باقاعدہ طورپر مد مقابل آگئے ہیں ۔ پرانے پاکستان میں پاکستان کو بی تھری ریٹنگ ملی تھی جبکہ نئے پاکستان میں بی مائینس۔سوشل میڈیا پر اب باقاعدہ بحث چل نکلی ہے کہ پرانا پاکستان نوازشریف کا تھاا ور نیا پاکستان عمران خان کا پرانے پاکستان میں ڈالر کی قدروقیمت زیادہ سے زیادہ ایک سو اٹھارہ تھی جبکہ نئے پاکستان میں ڈالر کا ریٹ ایک سو چالیس چل رہا ہے۔ پرانے پاکستان کا وزیرخزانہ نہ تو دیانتدار تھا اور نہ ہی قابلیت کا حامل تھا جبکہ نئے پاکستان کا وزیرخزانہ نہایت قابل مہان اور دیانتدار، پرانے پاکستان کے وزیرخزانہ نے خزانہ لوٹا اور برطانیہ جا کر بیٹھ گئے نئے پاکستان کے وزیرخزانہ ایسا کچھ نہیں کرتے ادھر ہی ہیں البتہ کبھی کبھار ان کو تبدیل کرنے کی افواہیں اڑائی جاتی ہیں ۔ پرانے پاکستان میں پنجاب میں مرغیاں اور انڈے تقسیم کر کے اس کی زیادہ تشہیر نہیں ہوتی تھی نئے پاکستان میں وزیراعظم اس کا اعلان کنونشن ہال میں کرتے ہیں ۔ ہم نے سنا تھا Old is Goldتو یہ بھی سنا ہے کہ جو نقش کہن تم کو نظر آئے مٹادو۔ ایک زمانے میں گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کردی گئی تھیں لوگ ایک دوسرے سے پوچھتے تھے کہ نئے وقت کے مطابق یا پرانے وقت کے مطابق۔ جنازے کا وقت مقرر کر کے باقاعدہ قوسین میں وضاحت ہوتی تھی کہ نئے وقت کے مطابق کہ پرانے وقت کے مطابق ۔ نئی وپرانی ازدواجیات میں بھی ہوتی ہے مگر یہاں نئی نویلی دلہن ہوتی ہے اور پھر چند دنوں بعد ہی پہلی بیوی اور دوسری بیوی بندے میں ہمت ہو تو تیسری اور چوتھی کی بھی آخری گنجائش پوری ہونے کا بھی سنا تھا ۔سناتھا اس لئے لکھا کہ اب پہلی بیوی ہی چاربیویوں پر بھاری ہے اور چارکے برابر ہوگئی ہے اس لئے کم ہی لوگ تین وکٹوں کے بعد چوتھی وکٹ تک جاتے ہیں البتہ اب بھی جی دار کبھی غلطی اور دھوکہ سے اور کبھی بقائمی ہوش وحواس دوسری کرلیتے ہیں ۔بہرحال موضوع نیا اور پرانا پاکستان چل رہا تھا۔ جوں جوں نیا پاکستان بنتا جائے گا آثار سے لگتا ہے کہ لوگ پرانے پاکستان کو شدت سے یاد کرنے لگیں گے اور ایک وقت آئے گا جب وہ باقاعدہ رو رو کر پرانے پاکستان کو یاد کرنے لگیں گے۔ابھی تو معاملات ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا تک آگئے ہیں ۔ ڈر لگنے لگا ہے خوف سا آنے لگا ہے کہ نیا پاکستان کیسا ہوگا۔ دعا کریں کہ نیا پاکستان پرانے پاکستان سے اچھا ہو اور تبدیلی خوشگوار ہو۔جس قسم کے حالات چل رہے ہیں اور مرغی انڈوں کے ذریعے ملکی معیشت کو سہارا دینے کی کوشش ہورہی ہے اس سے تو ڈر لگتا ہے۔ لیکن دوسری جانب امید یہ بھی ہے کہ حکومت حسب ارادہ قومی دولت لوٹنے والوں کا پیٹ چاک کر کے بھاری رقوم نکلوالے گی اور ملکی معیشت کو سہارا مل جائے گا تب نیا پاکستان یقینا پرانے پاکستان سے اچھا ہوگا۔

متعلقہ خبریں