Daily Mashriq


 ایون فیلڈ ریفرنس فیصلہ؛ نواز، مریم اور صفدر کی اپیلیں سماعت کے لئےمقرر

ایون فیلڈ ریفرنس فیصلہ؛ نواز، مریم اور صفدر کی اپیلیں سماعت کے لئےمقرر

ویب دیسک:اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ کل ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے خلاف نواز شریف، مریم نواز اورکیپٹن (ر)صفدر کی اپیلوں کی ابتدائی سماعت کرے گا۔

احتساب عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل کی سماعت ہائیکورٹ کا دو رکنی ڈویژن بنچ کرے گا۔ تینوں مجرمان کی اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے مارکنگ کے لیے چیف جسٹس آفس کو بھجوائی تھیں۔ رجسٹرار آفس نے مجرمان کی اپیلیں منگل کے روز سماعت کے لیے مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔

قبل ازیں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلے کے خلاف درخواستیں دائر کی تھیں، جس میں موقف اپنایا گیا کہ قید، جرمانے، نااہلی اور جائیداد قرقی کا حکم کالعدم قرار دیا جائے، نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو بری کیا جائے، اپیلوں کا فیصلہ ہونے تک نواز شریف، مریم نواز اور صفدر کو ضمانت پر رہا کیا جائے، عارضی طور پر نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا معطل کی جائے، اپیلوں میں جج احتساب عدالت اور نیب کو فریق بنایا گیا۔

یاد رہے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیرِاعظم نواز شریف کو 10 سال قید، ایک ارب 29 کروڑ روپے جرمانہ، مریم نواز کو سات سال قید، 32 کروڑ روپے جرمانہ، شریف فیملی کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس بحقِ سرکار ضبط کرنے کا حکم اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔ عدالت نے کیس کے شریک ملزموں حسین اور حسن نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے تھے۔

متعلقہ خبریں