Daily Mashriq

مریم نواز کی دعوت پر بلاول بھٹو زرداری آج جاتی امرا پہنچیں گے

مریم نواز کی دعوت پر بلاول بھٹو زرداری آج جاتی امرا پہنچیں گے

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کی دعوت پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج جاتی امرا جائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج مریم نواز سے ملاقات کریں گے، ملاقات کی دعوت مریم نواز کی جانب سے دی گئی۔ جس کے تحت بلاول بھٹو زرداری آج دوپہر رائیونڈ میں مریم نواز سے ملاقات کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ان کے قریبی سیاسی رفقا بھی شریک ہوں گے، ملاقات میں دونوں جماعتوں کی اعلیٰ ترین سیاسی قیادت کی گرفتاری، ملک کی موجودہ معاشی صورت حال اور حکومت کے خلاف احتجاج کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل پر بات ہوگی۔

 واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے رمضان المبارک میں اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کو دعوت افطار پر مدعو کیا تھا، جس میں مریم نواز بھی شریک ہوئی تھیں، یہ دونوں سیاسی رہنماؤں کے درمیان پہلی باضابطہ سیاسی ملاقات تھی۔

متعلقہ خبریں