Daily Mashriq

محکمہ موسمیات، رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق رمضان کا چاند نظر آنے کاقوی امکان

محکمہ موسمیات، رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق رمضان کا چاند نظر آنے کاقوی امکان

ویب ڈیسک:ماہ رمضان المبارک 1439 کے چاند دیکھنے کیلئے مرکزی اور علاقائی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس آج ہوںگے۔

گزشتہ روز مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا تھا کہ ماہِ رمضان المبارک 1439ھ کے چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس بدھ 16 مئی کو بعد نمازِ عصر کراچی میں ہوگا۔ جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہوں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق ملک بھر میں ضلعی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقررہ مقامات پر ہوں گے۔ چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔ چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھ کرکریں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند منگل کی شام 6 بج کر 49 منٹ پر پیدا ہوچکا ہے اور آج شام غروب آفتاب کے وقت اس کی عمر 26 گھنٹے 45 منٹ ہو گی۔

 رویت ہلال ریسرچ کونسل کی سیکرٹری جنرل خالداعجازمفتی کے مطابق آج شام غروب آفتاب کے بعد رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔

پاکستان