Daily Mashriq

پشاور میں سکھوں کیلئے بابا گرونانک سکول آف سٹیم کاافتتاح

پشاور میں سکھوں کیلئے بابا گرونانک سکول آف سٹیم کاافتتاح

پشاور(مشر ق نیوز) محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا نے پشاور میں مقیم سکھ پاکستانیوں کیلئے ملک کے سب سے پہلے بابا گرونانک سکول آف سائنس ، ٹیکنالوجی، ایجوکیشن، آرٹ و میتھس (سٹیم) کاافتتاح کردیا ۔ اس موقع پر گوردوارہ بھائی جوگا سنگھ میں سکھ برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا کہ محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی صوبے میں رہنے والے تمام مکتبہ فکر کیلئے ہر لحاظ سے یکساں مواقع دینے کے لئے کوشاں ہے تاکہ ترقی کی دوڑ میں مسلمان ، سکھ ، عیسائی، ہندو اور دیگر مکاتب فکر کو یکجا کرکے ملکی معیشت بہتر بنائی جا سکے' پشاور میں سکھ پاکستانیوں کیلئے بابا گرونانک سکول آف سٹیم بھی اسی کی ایک کڑی ہے جس میں پیر کے روز سے باقاعدہ طور پر کلاسز شروع ہوجائیں گی اس انسٹیٹیوٹ میں سکھ برادری سمیت تمام مکاتب فکر کے بچے سائنس، ٹیکنالوجی، ایجوکیشن، آرٹ اور میتھس پر مختلف قسم کے تربیت لیں گے۔ انہوں نے کہا بابا گرونانک سکول آف سٹیم کے طرز پر صوبہ بھر میں دیگر اقلیتی برادریوں کے لئے مختلف منصوبے شروع کر رہے ہیں اس موقع پر مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے باباگرونانک سکول آف سٹیم کو محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اقلیتی برادری کو ترقی کی دوڑ میں شامل کرنے کی اس کوشش کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا محکمہ تعلیم کی کوشش ہے کہ تعلیمی سیکٹر میں جہاں کہیں بھی گنجائش ہو اقلیتی برادری کیلئے نمایاں اور بہترین سہولیات دی جائیں۔

متعلقہ خبریں