Daily Mashriq

صحافی گمشدگی:شاہ سلمان سےامریکی وزیرخارجہ کی خصوصی ملاقات

صحافی گمشدگی:شاہ سلمان سےامریکی وزیرخارجہ کی خصوصی ملاقات

ویب ڈیسک:امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے براہِ راست ملاقات کی۔

مائیک پومپیو منگل کی صبح سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے تھے جہاں وزیر خارجہ عادل الجبیرنے ان کا استقبال کیا، جس کے فوراً بعد وہ شاہی محل پہنچے جہاں شاہ سلمان نے ان کا خیر مقدم کیا، بعدازاں دونوں کے درمیان بند کمرے میں ملاقات ہوئی۔

ادھر اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل بیچلیٹ نے سعودی عرب اور ترکی پر زور دیا کہ جمال خاشقجی  کی گمشدگی اور مبینہ قتل کے حوالے سے انہیں جو بھی معلومات ہیں وہ منظرعام پر لائیں.

دوسری جانب امریکی ٹی وی سی این این نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی حکام جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے ایک بیان تیار کررہے ہیں جس میں اس بات کا اعتراف کیا جاسکتا ہے سعودی قونصل خانے میں تفتیش کے دوران صحافی کا قتل ہوگیا۔

امریکی ٹی وی کی رپورٹ میں 2 نامعلوم ذرائع کا ذکر کیا گیا اور اس کے ساتھ اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا کہ چونکہ ابھی تک اس بارے میں بیان جاری نہیں ہوا اس لیے ہوسکتا ہے کہ سعودی عرب اپنا فیصلہ تبدیل کرلے۔

واضح رہے کہ دعوے کے مطابق مذکورہ بیان میں سعودی حکام مبینہ طور پر یہ اعتراف کرسکتے ہیں کہ تحقیقات کے غلط سمت میں جانے کے باعث صحافی کی موت واقع ہوگئی۔

دوسری جانب امریکی صدر نے امکان ظاہر کیا ہے کہ مذکورہ واقعے میں نامعلوم قاتل ملوث ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب ترکی اور سعودی عرب کا قریبی دوست ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان نے صحافی کی گمشدگی پر دونوں ممالک کی مشترکہ تحقیقات کا خیر مقدم کیا۔

اس بارے میں بیان دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں ادراک ہے کہ تحقیقاتی جاری ہیں اس لیے بہتر ہوگا کہ نتائج آنے تک انتظار کیا جائے۔

متعلقہ خبریں