Daily Mashriq

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم: رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم: رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 15 نومبر تک توسیع کردی۔

نادرا کے ترجمان نے بتایا کہ ’ملک بھر سے 14 لاکھ درخواستیں جمع کرائی گئیں‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’لاہور ضلع سے 1 لاکھ 50 ہزار 225، ملتان ضلع سے 47 ہزار 802، بہاولپور ضلع سے 44 ہزار 786، کراچی کےمختلف اضلاع سے 8 لاکھ 90 ہزار 262 اور پشاور ضلع سے 34 ہزار 484 درخواستیں موصول ہوئیں‘۔

ترجمان نادرا کا کہنا تھا کہ ’ہاؤسنگ منصوبے سے مستفید ہونے کے لیے ملک بھر سے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے‘۔

آخری تاریخ میں توسیع کے بعد صارفین آن لائن رجسٹریشن کی سہولت کسی بھی نادرا سہولت سینٹر سے فائدہ اٹھاسکیں گے لیکن انہیں 250 روپے کی ادائیگی کرنی پڑےگی۔

نادرا کے ترجمان فائق علی نے دعویٰ کیا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام نادرا کی ویب سائٹ پر شائع کرتے ہی 174 ممالک سے تقریباً 2 لاکھ لوگوں نے رسائی کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے لیے پہلے ایک گھنٹے میں 62 ہزار رجسٹریشن فارم ڈاؤن لوڈ کیے گئے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 5 برسوں میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے نیاپاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے 50 لاکھ گھروں کے منصوبے سے متعلق کمیٹی کو ہدایت کی تھی کہ وہ 2 ہفتوں میں اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے کر پیش کریں۔

وزیر اعظم ہاؤس میں عمران خان کی زیر صدارت 50 لاکھ گھروں کے منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا تھا جس میں سیکریٹری ہاؤسنگ نے موجودہ صورتحال اور ہاؤسنگ سیکٹر میں سالانہ طلب اور کمی پر بریفنگ دی تھی۔

متعلقہ خبریں