Daily Mashriq

پاکستانی معیشت کی شرح نمو 2020 میں 2.4 فیصد تک کم ہونے کا امکان

پاکستانی معیشت کی شرح نمو 2020 میں 2.4 فیصد تک کم ہونے کا امکان

واشنگٹن: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اندازہ لگایا ہے کہ پاکستانی معیشت سال 2020 میں 2.4 فیصد تک سست روی کا شکات ہوجائے گی اور استحکام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے نتائج آنے کے بعد فوری طور پر ابھرے گی۔

ورلڈ اکنامک آؤٹ لُک 2019کے اجرا کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی معیشت دان جائن ماریہ میلسی فیریٹی نے کہا کہ پاکستانی حکام مالی ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ڈٹے رہے جس کے نتیجے میں اب ملک میں استحکام آرہا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر آف ریسرش ڈپارٹمنٹ گیتا گوپی ناتھ نے کشمیر سے متعلق کشیدگی کے پاکستانی معیشت پر اثرات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کو روکنے کی کوشش کی تاہم جائن ماریہ میلسی فیریٹی نے جواب میں کہا کہ ملکوں کو کشیدگی ختم کرکے معاشی سرگرمیوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معیشت پر اعتماد کے حوالے سے حوصلہ افزا علامات دیکھی گئیں ہیں اور ایکسچینج ریٹ مزید واضح طور پر معاشی صورتحال کو ظاہر کرتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکام ان چیلنجز مثلاً علاقائی کشیدگی کی تجدید، تیل کی قیمتوں سے نمٹنے کے لیے ثابت قدم رہیں گے کیوں کہ پاکستان بڑی حد تک تیل کی درآمدات پر انحصار کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں