Daily Mashriq

ملک دھرنوں کامتحمل نہیں ہوسکتا،ڈاکٹرہٹ دھرمی چھوڑدیں،ترکئی

ملک دھرنوں کامتحمل نہیں ہوسکتا،ڈاکٹرہٹ دھرمی چھوڑدیں،ترکئی

مردان (بیورو رپورٹ)صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہاہے کہ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو محفوظ پاکستان دینا ہے۔پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمیں آپس کے اختلافات کوختم کر کے متحد ہونا ہوگا۔ماضی میں کرپشن اور غیر ضروری قرضوں کی وجہ سے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا گیا ۔ اس کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔وہ پاک تھائی فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام محب بانڈہ میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے تھائی مسلم کمیونٹی کے نمائندے تواب خان،ابو القاسم اور بختیار خان نے بھی خطاب کیا۔شہرام خان ترکئی نے کہاکہ صوبے میں سیاحتی مقامات کی ترقی کے لئے اقدامات کررہے ہیں ۔بین الاقوامی میڈیا نے پاکستان کے مثبت رخ کو نظر انداز کر کے منفی امیج کو اجاگر کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پرامن ملک ہے اور باہر ممالک سے آنے والے سیاحوں کو حکومت ہر قسم سہولیات فراہم کررہی ہے۔سیاحت کے شعبے میں تھائی لینڈ کے تجربات سے استفاد ہ کر یں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی ترقی کے لئے ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا۔تھائی مہمانوں کی پاکستان آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔دنیا کے مختلف ممالک کے سیاح پاکستان کا رخ کررہے ہیں۔اس موقع پر تھائی مسلم کمیونٹی وفد کے سربراہ تواب خا ن نے کہاکہ پاکستان آکر انہیں بہت خوشی ہو رہی ہے۔پختون قوم مہمان نوازی کے حوالے سے دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتی ہے۔مسلمانوں کو آپس کے اختلافات ختم کرنا ہونگے۔سیاست سے بالاتر ہو کر ہمیں ایک دوسرے کی خدمت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تھائی عوام دل سے پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہرام خان ترکئی نے کہاکہ ملک دھرنوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ناموس رسالت پر وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں مسلم امہ کی بہترین ترجمانی کی۔ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور کسی کو بھی اس پر سیاست نہیں چمکانی چاہیئے۔صوبائی وزیرنے کہاکہ کسی کو بھی مذہبی کارڈ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔صوبے میں جاری ڈاکٹروں کے ہڑتال کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں کی ہڑتال سے عام لوگ متاثر ہو رہے ہیں ۔ ڈاکٹروں کو ہٹ دھرمی چھوڑ کر مذاکرات کی میز پر آنا چاہیئے۔

متعلقہ خبریں