Daily Mashriq

کراچی: مقابلے کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 2 سالہ بچہ جاں بحق

کراچی: مقابلے کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 2 سالہ بچہ جاں بحق

کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر ڈاکوؤں سے پولیس مقابلے کے دوران اہلکاروں کی گولی ایک معصوم بچہ جاں بحق ہوگیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ایسٹ عامر فاروقی نے تصدیق کی کہ اہلکاروں کے فائرنگ کی زد میں آکر 2 سالہ بچہ محمد احسن شیخ جاں بحق ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ صفدرہ گوٹھ کے پاس موجود پولیس اہلکاروں کو ایک شخص نے شکایت کی کہ موٹرسائیکل پر سوار دو ڈاکوؤں نے اس کو نقدی محروم کردیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ ’پولیس اہلکاروں نے موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں کا تعاقب کیا اور اس دوران پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے رکشہ میں والدین کے ہمراہ سوار بچہ زد میں آگیا۔

انہوں نے بتایا کہ ’بچے کے والدین محفوظ رہے‘۔

میڈیا پر واقعہ کی خبر نشر ہونے پر آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے واقعہ کا نوٹس لے کر ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کو انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں گزشتہ چند مہینوں کے دوران ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے متعدد مرتبہ معصوم بچے نشانہ بن چکے ہیں۔

اس طرح کا واقعہ گزشتہ برس اگست میں پیش آیا جب ڈیفنس کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے سے 10 سالہ امل عمر ہلاک ہوگئی تھی۔

بعدازاں کراچی پولیس نے اعتراف کیا تھا کہ ڈکیتوں سے مسلح مقابلے کے دوران پولیس کی جانب سے غیر ارادی طور پر فائر لگنے سے بچی جاں بحق ہوئی۔

رواں برس فروری میں نارتھ کراچی میں پولیس مقابلے کی زد میں آکر ایک میڈیکل طالبہ جاں بحق ہوگئی تھی۔

اسی طرح کا ایک اور واقعہ 6 اپریل کو پیش آیا تھا جس میں 10 سالہ بچہ پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا تھا۔

متعلقہ خبریں