Daily Mashriq


کشمیر میں گولیوں سے غیرمسلح مجاہدین کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا،ترجمان پاک فوج

کشمیر میں گولیوں سے غیرمسلح مجاہدین کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا،ترجمان پاک فوج

ویب ڈیسک:ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بندوق کی گولیاں آزادی کے غیر مسلح بہادر مجاہدین کو کبھی کچل نہیں سکتیں۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم کشمیریوں پر بھارتی مقبوضہ فورسز کی ریاستی دہشت گردی اور لائن آف کنٹرول پر سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کا غیر اخلاقی اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔

 ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آزادی کی جدوجہد کرنیوالے نہتے کشمیریوں کو گولیوں سے دبایا نہیں جاسکتا اور بھارتی فوج پیشہ وارانہ سپاہیوں کی اخلاقیات کا خیال رکھے۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا جب کہ بھارتی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج پر قابض افواج نے نہتے مظاہرین پر فائر کھول دیا جس سے مزید 8 نوجوان شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

حریت قیادت نے بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف مقبوضہ وادی میں تین روز ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

جبکہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے وادی میں کرفیو نافذ کر تے ہوئے فوجی ہیڈکوارٹر جانے والے راستوں پر ناکے اور خاردار تاریں لگا دیں ہیں وادی میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروس معطل ہے، ہڑتال کے باعث مقبوضہ وادی میں کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہیں اور پلواما میں غیر معینہ مدت کیلئے دفعہ 144 بھی نافذ ہے۔

دوسری طرف اسلامی تعاون تنظیم نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر کے تنازع کے دائمی اور منصفانہ حل کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔

متعلقہ خبریں