Daily Mashriq


توہین عدلیہ کیس:فیصل رضا عابدی کے خلاف فرد جرم عائد

توہین عدلیہ کیس:فیصل رضا عابدی کے خلاف فرد جرم عائد

ویب ڈیسک:چیف جسٹس پاکستان کے خلاف شرانگیز انٹرویو کے معاملے پر انسداد دہشت گردی عدالت نے فیصل رضا عابدی پر فرد جرم عائد کردی۔

اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی عدالت نمبر دو کے جج شاہ رخ ارجمند نے فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدلیہ کیس کی سماعت کی۔

سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو عدالت میں پیش کیا گیا اور پولیس نے بتایا کہ ملزم پر اعلی عدلیہ کیخلاف توہین آمیز زبان کے استعمال کا مقدمہ ہے جس میں دہشت گردی کی دفعہ بھی شامل ہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے فیصل رضا عابدی پر فرد جرم عائد کردی جبکہ جس متنازع ویب ٹی وی پروگرام میں انہوں نے وہ گفتگو کی تھی اس کے اینکر پرسن کو اشتہاری قرار دیدیا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فیصل رضا عابدی کے خلاف گواہوں کو بھی طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 جنوری تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ عدلیہ کیخلاف توہین آمیز پروگرام کرنے پر فیصل رضاعابدی کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں دو مقدمات درج ہیں۔

متعلقہ خبریں