Daily Mashriq


پاکستان کی معاونت سے ابوظہبی میں افغان امن بیٹھک کا آغاز، طالبان نمائندے بھی شریک

پاکستان کی معاونت سے ابوظہبی میں افغان امن بیٹھک کا آغاز، طالبان نمائندے بھی شریک

ویب ڈیسک:پاکستان کی معاونت سے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں افغان امن بیٹھک کا آغاز ہوگیا جس میں طالبان نمائندے بھی شریک ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان کا وفد اور امریکی حکام افغان امن مذاکرات کے لیے دبئی پہنچ گئے ہیں جہاں فریقین کے درمیان 17 سال سے جاری افغان جنگ کے خاتمے کے لیے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

افغان طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دبئی میں ہونے والے مذاکرات میں سعودی عرب، پاکستان اور متحدہ عرب ا مارات کے حکام بھی حصہ لیں گے۔ قبل ازیں طالبان حکام اور امریکا کے خصوصی نمائندے برائے امن زلمے خلیل زاد کے درمیان قطر میں مذاکرات کے دو ادوار ہوچکے ہیں۔

 دبئی میں امن مذاکرات طویل سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے، افغان طالبان نے بیرونی طاقتوں کی مدد سے الیکشن میں کامیاب ہونے والی موجودہ حکومت کو غیر آئینی حکومت قرار دیتے ہوئے کابل انتظامیہ سے مذاکرات کرنے سے انکار کردیا تھا۔

وزارت خارجہ پاکستان کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے امن مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اور دیگر متعلقہ ممالک کے ساتھ پاکستان بھی افغانستان میں دیرپا امن کا خواہاں ہے۔ امن مذاکرات سے افغانستان اور خطے میں امن کی فضا سازگار ہوگی۔

متعلقہ خبریں