Daily Mashriq

سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان 2روزہ دورے پراسلام آباد پہنچ گئے

سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان 2روزہ دورے پراسلام آباد پہنچ گئے

پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی دوستانہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان2روزہ دورے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ۔نور خان ایئر بیس پر وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیرمہمانداری خسرو بختیار ،وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلی حکام بھی سعودی ولی عہد کے استقبال کے لئے موجود تھے۔روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے معزز مہمان کو گلدستہ پیش کیا ۔

شہزادہ محمد بن سلمان جونہی طیارے سے باہر نکلے تو انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں قربت اور خلوص کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے ۔ 

سعودی ولی عہد وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں ۔اعلی سطح کا سعودی وفد بھی ان کے ہمراہ ہے۔ اس دورے میں دونوں ملکوں میں توانائی ،خزانے ،داخلی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کے سمجھوتے ہوں گے ۔وزیراعظم عمران خان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی سربراہی میں قائم ہونے والی سپریم کوآرڈینیشن کونسل دو طرفہ معاہدوں پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ معززمہمان کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز بھی دیاجائیگا ۔ سعودی ولی عہد کا دورہ ، پاکستان سے گہرے برادرانہ تعلقات کاعکاس ہے۔ محمد بن سلمان کا بطور ولی عہد پاکستان کا پہلا دورہ ہے ۔

متعلقہ خبریں