Daily Mashriq

چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آئندہ ہفتے ہوگی

چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آئندہ ہفتے ہوگی

اسلام آباد: سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کے لیے ان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آئندہ ہفتے ہوگی۔

سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق صادق سنجرانی آئندہ اجلاس کی سربراہی نہیں کرسکیں گے۔

اس ضمن میں ڈان کو ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ہفتے ہونے والے سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک اعدام اعتماد پر مشتمل ہوگا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز نے 9 جولائی کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف جبکہ حکومتی اراکین نے 12 جولائی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلافتحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مشترکہ طور پر نیشنل پارٹی کے سربراہ حاصل بزنجو کو نیا چیئرمین سینیٹ نامزد کیا گیا ہے۔

ایک جانب جہاں حزب اختلاف کی جماعتیں واضح برتری کے سبب چیئرمین سینیٹ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے پراعتماد ہیں تو دوسری جانب تحریک انصاف اس تحریک کو ناکام کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

پاکستان پینل کوڈ میں درج سینٹ کے اصول ضوابط کے رول نمبر 12 کے مطابق چیئرمین سینیٹ یا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے تحریک پیش کرنے کی اجازت کے حصول کے سلسلے میں ایوان بالا کے ایک چوتھائی اراکین سیکریٹری کو نوٹس جمع کرواسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں