Daily Mashriq

کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید گرفتار

کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید گرفتار

لاہور: کالعدم جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ سعید کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے گرفتار کرلیا جس کے بعد انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ سعید کو سی ٹی ڈی پنجاب نے گرفتار کرلیا ہے، حافظ سعید اپنے خلاف درج مقدمات کا سامنا کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حافظ سعید کو لاہور سے گجرانوالہ جاتے ہوئے حراست میں لیا۔

 اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے نومبر 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد جماعت الدعوۃ پر کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے پابندیاں عائد کی تھیں بعدازاں سال 2014 میں امریکا نے بھی جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر مالی پابندیاں عائد کیں اور حافظ سعید کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر انعام دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔

حافظ محمد سعید کی پیدائش 1948 میں اس وقت ہوئی جب ان کا خاندان انڈیا سے ہجرت کرکے پاکستان پہنچا۔ ہجرت کے اس سفر میں ان کے خاندان کے 36 افراد شہید ہوئے۔ خاندان کا کوئی بچہ زندہ نہ رہا۔ حافظ محمد سعید کا بچپن سرگودھا میں گزرا جہاں انہوں نے اپنی والدہ سے قرآن حفظ کیا اور گاؤں کے اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ میٹرک کے بعد مزید تعلیم کے لیے اپنے ماموں اور عالم دین حافظ عبداللہ بہاولپوری کے پاس بہاولپور چلے گئے۔

 حافظ سعید نے پہلے لشکر ِ طیبہ کے نام سے اپنی تنظیم کی بنیاد رکھی تھی جب اس پر پابندی لگی تو انہوں نے جماعت الدعوۃ کے نام سے اپنی سرگرمیاں شروع کردی تھیں۔ جب جماعت الدعوۃ پر پابندی لگی تو انہوں نے فلا ح انسانیت فاؤنڈیشن کے نام سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ فلا ح انسانیت فاؤنڈیشن کے کئی فلاحی پراجیکٹس چل رہے ہیں جن میں اسکول ، اسپتال اور مدرسے سرِ فہرست ہیں۔

متعلقہ خبریں