Daily Mashriq

عمران خان کا ہٹلر والا بیان لوگوں کی سوچ اور ووٹ کی توہین ہے: خورشید شاہ

عمران خان کا ہٹلر والا بیان لوگوں کی سوچ اور ووٹ کی توہین ہے: خورشید شاہ

ویب ڈیسک:وزیر اعظم عمران خان کے ہٹلر والے بیان پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سوچ ووٹ کی توہین ہے۔

سکھر میں ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر کے بار کا ممبر ہونے پر فخر ہے، ہم نے صوبوں کے حقوق کے لیے لڑائی لڑی اور جیل بھی گئے جب کہ فیڈریشن تب مضبوط ہوگی جب صوبوں کو حقوق ملیں گے، وقت کی ضرورت ہے کہ ملک کی فیڈریشن مضبوط ہو۔

خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کا بیان سن کر لوگ پریشان ہوگئے ہیں، لگتا ہے جمہوری لیڈر کے روپ میں ہٹلر سامنے آگیا، کسی ڈکٹیٹر نے بھی خود کو ہٹلر اور نپولین سے مشابہت نہیں دی جب کہ ہم کنفیوژن کا شکار ہیں کہ یہ جمہوری لوگ ہیں یا ڈکٹیٹر کی سوچ کے لوگ ہیں، چند سال ملے جمہوریت کے، اس میں بھی ڈکٹیٹر شپ نے اٹھنے نہیں دیا، ہماری پارلیمنٹ میں جو زبان استعمال کی جا رہی ہے اس پر شرم آتی ہے۔

 رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ تنقید کرنا اپوزیشن کا کام ہے، اپوزیشن تنقید نہیں کرے گی تو حکومت کیسے صحیح کام کرے گی، ہم آپ کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، آپ حکومت چلاؤ تاہم وزیراعظم ہاوس میں رہنا یا نہ رہنا، دال کھانا یا سبزی کھانا، اس سے پیسے نہیں بچیں گے،  ملک میں سرمایہ کاری اور ایکسپورٹ کم ہورہی ہے، امپورٹ بڑھ رہی ہے۔

متعلقہ خبریں