سیاستدانوں کا پردہ فاش کرنے والی صحافی مالٹا میں کار بم دھماکے میں ہلاک

سیاستدانوں کا پردہ فاش کرنے والی صحافی مالٹا میں کار بم دھماکے میں ہلاک

ویبڈیسک: پاناما پیپرز میں سیاستدانوں کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑنے والی مالٹا کی صحافی ڈیفنی کیورنا گلیزیا کار بم حملے میں ہلاک ہوگئیں۔

 53 سالہ ڈیفنی مالٹا کے دارالحکومت ویلیٹا سے کچھ دوری پر واقع اپنے گھر سے روانہ ہوئیں تو آبادی سے دور ان کی گاڑی میں زور دار دھماکا ہوا  جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔

صحافی ڈیفنی کی کار میں نصب بم کی شدت اس قدر شدید تھی کہ ان کی گاڑی دھماکے کے بعد سڑک سے دور کھیتوں میں جاگری۔

ڈیفنی انویسٹی گیٹو جرنلسٹ تھیں جنہوں نے 2016 میں وزیراعظم جوزیف مسقط کی اہلیہ مچل اور دیگر حکومتی شخصیات کی آف شور کمپنیوں کا بھانڈا پھوڑا تھا تاہم وزیراعظم اور ان کی اہلیہ ہمیشہ آف شور کمپنیوں کی تردید کرتی آئی ہیں۔

 مالٹا کے وزیراعظم جوزیف مسقط نے اپنے بیان میں صحافی ڈیفنی پر حملے کو بربریت قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ڈیفنی پر حملہ آزادی رائے کے اظہار پر حملہ ہے۔

خیال رہے کہ صحافی ڈیفنی وزیراعظم کی شدید نقاد تھیں جو ان کی سیاسی اور ذاتی زندگی پر کھل کر تنقید کرتی تھیں۔

دوسری جانب مالٹا کے قائد حزب اختلاف ایڈریان ڈیلیا نے ڈیفنی کے قتل کو سیاسی قتل قرار دیا ہے جب کہ سوشل میڈیا پر ڈیفنی کی المناک ہلاکت پر شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں