Daily Mashriq

پشاورمیں ٹریفک مسائل مستقل بنیادوں پر حل کریںگے، شہرام ترکئی

پشاورمیں ٹریفک مسائل مستقل بنیادوں پر حل کریںگے، شہرام ترکئی

پشاور(سٹی رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ پشاور میں ٹریفک کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے صوبائی حکومت کئی اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کا نفاذ اور رنگ روڈ پر فلائی اوورز کے علاوہ انڈر پاسز کی تعمیر شامل ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات نے ان اقدامات کا اعلان پشاور شہر میں ٹریفک کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے نیسپاک، پی ڈی اے اور اربن ڈویلپمنٹ ماہرین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رنگ روڈ پر واقع جمیل چوک اور پشتہ خرہ چوک پر فلائی اوورز بنانے کے حوالے سے اب تک کے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ نیسپاک کے روڈز اور ٹریفک مینجمنٹ کے ماہرین نے مجوزہ فلائی اوورز کے ڈائزین اور دیگر امور پر اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فلائی اوورز کشادہ اور چھ رویہ ہوں گے جبکہ ان کے بننے سے پشاور شہر میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ان فلائی اوورز کی ڈیزائننگ اس طرح کی گئی ہے کہ مستقل میں ضرورت پڑنے پر انہی چوکوں میں انڈر پاسز بھی بنائے جا سکیں گے۔ نیسپاک ماہرین نے بتایا کہ ان منصوبوں کا پی سی ون تیار کرلیا گیا ہے۔ اس موقع پر شہرام خان ترکئی نے کہا کہ ان فلائی اوورز پر کام شروع کرنے سے قبل ٹریفک کے لیے متبادل روٹس کا تعین کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ان مجوزہ فلائی اوورز پر کام شروع ہونے کے بعد یہ 18 ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل کر لیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کا تیار شدہ پی سی ون ایک دن کے اندر پشاور ترقیاتی ادارے کے پاس جمع کرایا تاکہ اس پر جلد سے جلد محکمانہ کارروائی کو مکمل کیا جا سکے۔ ان فلائی اوورز کو رواں مالی سال کے ترقی پروگرام کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ ہماری اولین ترجیحی پشاور کے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں مزید فلائی اوورز بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں