Daily Mashriq


ایسی کوئی طاقت نہیں جو نیب پر اثر انداز ہو، جسٹس (ر) جاوید اقبال

ایسی کوئی طاقت نہیں جو نیب پر اثر انداز ہو، جسٹس (ر) جاوید اقبال

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب کی ڈوریاں ہلانے والا آج تک کوئی پیدا نہیں ہوا،اگر کبھی ایسا ہوا تو بریف کیس اٹھا کر گھر چلا جاؤں گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بریفنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران ان چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کی کارروائی شواہد کی روشنی میں کی جا رہی ہے، ایسی تمام باتیں بے بنیاد ہیں کہ نیب کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں ںے کہا کہ الیکشن ہونے یا نہ ہونے سے نیب کا کوئی تعلق نہیں ، اگر کسی سیاستدان نے کرپشن کی ہے تو وہ الیکشن سے پہلے بھی اور بعد میں بھی جوابدہ ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ اگر کسی بھی مقام پر یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ نیب کی جانب سے کسی شخصیت کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی کی گئی ہے تو میں ذاتی طور پر اس کی ذمہ داری قبول کر کے اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی بنیاد پر کچھ لوگوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے، کچھ کو معطل کیا گیا ہے ، کچھ برطرف ہوئے ہیں اور چند افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، اس تمام عمل میں کچھ وقت لگے گا لیکن قانون کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ کیونکہ جب انسان خود شیشے کے گھر میں ہو تو کسی پر پتھر نہیں پھینکتا۔ انہوں ںے کہا کہ نیب کی کوشش ہے کہ زیر التوا کیسز کا جلد از جلد فیصلہ سنائے، ہم نے اس کیلئے 10 ماہ کا وقت مقرر کیا ہے تاہم کچھ کیسز ایسے بھی ہیں جن میں اس سے بھی زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں