Daily Mashriq


2 ارب مسلمان اغیار کے ہاتھوںیرغمال کیوں؟

2 ارب مسلمان اغیار کے ہاتھوںیرغمال کیوں؟

اگر ہم غور کرلیں تو دنیا میں ہر جگہ مسلمان نفرت انگیزرویئے کا شکار ہیں۔امریکہ نے القدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ پوری دنیا یعنی کشمیر، فلسطین، بھارت ، شام اور دنیا کے اکثر ممالک میں مسلمانوں کو یہی صورت حال درپیش ہے۔ عراق ، لیبیا ، افغانستان اور اب شام میں امریکہ اور اسکے اتحا دیوں کے پاس کوئی جواز نہیں تھا کہ اُن ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کریں اور اُن پر قبضہ کریں مگر ان مسلم ممالک کے خلاف جو کچھ ہوا وہ کسی سے پو شیدہ نہیں۔پاکستان کی بیٹی عافیہ صدیقی بغیر کسی جُرم کے 14 سال سے امریکہ کی قید میں ہے۔ مگر پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کوامریکیوں نے کیسے چھڑا لیا اور اب کلبھوشن کی رہائی کے لئے بھارت کس طر ح سر گرم ہے۔ اگر دیکھا جائے تو مسلمانوں کے پاس دنیا کے 70 فی صد وسائل ہیں مگر نا اہل قیادت ،آپس میں نفاق اور سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی نہ ہونے کی وجہ سے وہ ان وسائل سے صحیح طریقے سے استفادہ نہیں کر سکتے یہی وجہ ہے کہ مسلمان جہاں بھی ہیں انکے وسائل پر قبضہ کیا جا رہا ہے اور وہ ذلت اور پستی کا شکار ہیں۔ مشہور زمانہ جرنل" آئیل اینڈ گیس "کے مطابق مسلمانوں کے پا س اس وقت 70 فی صد تیل ہے جو 600 بلین بیرلز ہے اسکے علاوہ مسلمانوں کے پا س 50 فی صد قد رتی گیس ہے جو 3000 ٹریلین مکعب فُٹ ہے۔دنیا کے دس ممالک جس میں عراق، ایران، سعودی عرب شامل ہیں میں ہزاروں بلین ڈالر کے قدرتی وسائل ہیں۔ عراق میں 16 ہزار ارب ڈالر کے قدرتی وسائل( دنیا کا 10 فی صد)، سعودی عرب میں 35 ہزار ارب ڈالر کے قدرتی وسائل( دنیا کا 20 فی صد) اور ایران میں 28 ہزار ارب ڈالر کے قدرتی وسائل ہیں جو دنیا کا17 فی صد ہے۔دنیا کے سلفر بر آمد کرنے والے 10ممالک میں تین مسلمان ممالک متحدہ عرب امارات ، قطر اور ایران ہے۔ علاوہ ازیں "دی جرنل آف یو رینیم "کے مطابق مسلمانوں کے پا س پو ری دنیا کا 30 فی صد یعنی 6500 ٹن یورینیم ہے جس سے جو ہری اورایٹمی میدان میں انقلاب بر پا کر کے سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ یورینیم پیدا کرنے والے ممالک میں نائیجریا، نمیبیا اور قازقستان سر فہرست ہیں۔لوہے کے وسائل میں ترکی، ایران، مصر، تیونس ، الجیریا اور مراکش سر فہرست ہیں۔دنیا کے دس ممالک جہاں پر کوئلہ کے وسیع ذخائر موجود ہیں اُن میں دو مسلمان ممالک قازقستان اور پاکستان شامل ہیں۔تانباپیدا کرنے والے دس بڑے ممالک میں انڈو نیشیا شامل ہے۔ پاکستان اور افغانستان میں لیتھیم اور سلی کان بکثرت پایا جاتا ہے جس سے شمسی توانائی اور موبائل فون بیٹری بنانے میں انقلاب بر پا کیا جا سکتا ہے۔پاکستان چاول کپاس پیدا کرنے والے ٹاپ ممالک میں شامل ہے۔ ملائیشیا ربڑ پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔پاکستان دودھ پیدا کرنے والے ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے۔دنیا کا کُل رقبہ 15 کروڑ مربع کلومیٹر ہے اورمسلمان تقریباً 3کروڑمربع کلومیٹر یعنی 19 فی صد رقبے پر رہتے ہیں جبکہ مسلمانوں کی آبادی 1.8ارب یعنی پو ری دنیا کا تیسرا حصہ ہے۔یہ تو چند قدرتی وسائل کا ذکر میں نے کیا اسکے علاوہ ایسے ہزاروں قدرتی وسائل ہیں جو مسلمان ممالک میں موجود ہیں مگران وسائل سے مسلمان استفادہ نہیں کر سکتے اور اتنے سارے وسائل کے با وجود بھی یہود و ہنود کی ظلم وستم کا شکار ہیں۔ 57 اسلامی ممالک کی اقتصا دیات 19ہزار ارب ڈالر ہے جبکہ صرف امریکہ کی اقتصادیات 19 ہزار ارب ڈالر ہے۔دوسری طرف دیکھا جائے تو ہانگ کانگ جس کا رقبہ 45 ہزار مربع کلو میٹر ہے مگر وہاں پر فی کس آمدنی 54 ہزار ڈالر ہے۔ لگزمبرگکا رقبہ تقریباً 3ہزار مربع کلومیٹر ہے مگر اس ملک کی فی کس آمدنی 55 ہزار ڈالر فی کس ہے۔ جبکہ اسکے بر عکس پاکستان کا رقبہ تقریباً ساڑھے آٹھ لاکھ مربع کلومیٹر ہے مگر اسکی فی کس آمدنی 2 ہزار ڈالر ہے۔ یہود و ہنود کے چند لاکھ فو جیوں نے پوری اُمت مسلمہ کو یر غمال بنا رکھا ہے۔نیٹو اور امریکہ کے چند ہزار فو جیوں نے اگر ایک طرف اپنے جدید اسلحے اور وسائل کے بل بوتے پر افغانستان ، عراق، لیبیا پرقبضہ کیا ہوا ہے تو دوسری طر ف ما ضی قریب میں ایران کو دھمکیاں دے رہا تھا کہ وہ اپنا ایٹمیپرو گرام بند کر دے مگر کسی اسلامی ملک میں اتنی اخلاقی جرأت نہیں کہ وہ امریکہ کو بتا سکے کہ اگر نیوکلیئر پروگرام انسانوں کی فلاح وبہبود میں نہیں تو سب سے پہلے امریکہ اپنا نیو کلیئر پروگرام کیوں بند نہیں کر تا۔مسلمان ذلیل اور رسوا اسلئے ہیں کہ انکی قیادت اہل نہیں جو اپنے مسائل کو بخوبی حل کر سکے۔علاوہ ازیں مسلمان ممالک سائنس اور ٹیکنالوجی ، دین اور تعلیمی میدان میں بُہت پیچھے ہیں۔ ما ضی میں تعلیم اور سائنس اور ٹیکنالوجی مسلمانوں کا اثا ثہ ہوتا تھا مگر اب مسلمان یہو د وہنود کے زیر اثر ہیں۔ لیڈر شپ ملکوں اور ریاستوں کی قسمت کو بدل دیتی ہے اور ترقی یافتہ ممالک نے جتنی ترقی کی ہے وہ انکی اچھی لیڈر شپ کی وجہ سے ہے۔ہم کنٹینروں ، سمندروں کے راستے قانونی اور غیر قانونی طریقے سے یو رپ جاتے ہیں کیو نکہ وہاں کی اچھی قیادت اور لیڈر شپ کی وجہ سے انہوں نے اپنے ملکوں کو جنت بنایا ہوا ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ لوگ قانونی اور غیر قانونی طریقے سے وہاں سکونت کیلئے سر گرداں ہوتے ہیں۔اگر مسلم ممالک کی قیادت اچھی ہو تی پھر کوئی وجہ نہیں کہ ہم یو رپ سے پیچھے رہ جاتے۔مسلمان ممالک میں سب کچھ ہے مگر یہاں لیڈر شپ نہیں۔

متعلقہ خبریں