Daily Mashriq

کیمرہ مین پر گارڈز کا تشدد: نواز شریف کا اظہار افسوس، کارروائی کی یقین دہانی

کیمرہ مین پر گارڈز کا تشدد: نواز شریف کا اظہار افسوس، کارروائی کی یقین دہانی

ویب ڈیسک:سابق وزیراعظم نواز شریف نےنجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین پر تشدد کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

نواز شریف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کے لیے اسلام آباد کی احتساب عدالت پہنچے تو صحافیوں نے گزشتہ روز پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ پر شدید احتجاج کیا۔

نواز شریف سماعت کے بعد عدالت سے باہر آئے تو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

نوازشریف نے کہا کہ سیکیورٹی گارڈز کے خلاف جو قانون کے مطابق کارروائی ہونی ہے اس میں ہر قسم کا تعاون کریں گے، مریم اورنگزیب سے بھی اس معاملے پر بات ہوئی ہے، یہ بات یقین سے کہہ رہا کہ سب کام قانون کے مطابق ہوگا۔

نواز شریف نے کہا کہ میں کل اسمبلی سے باہر آیا تو سیکورٹی اہلکار میرے لیے راستہ بنا رہا تھا، کل جو مسئلہ ہوا وہ بہت برا ہوا، مجھے اس بات کا افسوس ہے اور یہ واقع نہیں پیش آنا چاہیے تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد کا کہنا تھا کہ زیادتی کہیں سے بھی نہیں ہونی چاہیے اور ہر طرف انصاف ہونا چاہیے، سیکیورٹی گارڈ شکور کے خلاف بھی ایکشن لوں گا، صحافی گاڑی کے پاس آئے تو گارڈ شکور نے کیمرہ مین کو دھکا دیا، مجھے اعتراض اس بات پر بھی ہے کہ کیمرہ مین نے بھی اپنا کیمرہ شکور کے سر پر مارا جس سے اس کا ماتھا زخمی ہوا اور خون بھی نکلا، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے، مجھے برا لگا۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ میرا میڈیا کے ساتھ اچھا تعلق رہا ہے، عدالتوں میں جو بھی کارروائی ہوتی رہی اس میں آپ سب ساتھ رہے، ایسے وقت میں کیسے آپ سب سے الگ ہو جاوٴں یا تعلقات خراب کر لوں، آپ سب بلاخوف رپورٹنگ کرتے ہیں، ہمارے آپ کے ساتھ بڑے اچھے مراسم ہیں۔

متعلقہ خبریں