Daily Mashriq


سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے پاکستان کا سب سے بڑا سول ایوارڈ

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے پاکستان کا سب سے بڑا سول ایوارڈ

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اپنے دورے کے دوسرے روز وزیر اعظم ہاؤس سے ایوان صدر پہنچ گئے، جہاں ان کے اعزاز میں تقریب جاری ہے۔

محمد بن سلمان کی ایوان صدر سے روانگی کے لیے انتہائی شاہانہ اور منفرد انداز اپنایا گیا اور سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم عمران خان گھوڑا گاڑی (بگھی) پر بیٹھ کر روانہ ہوئے۔

اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان مختصراً گفتگو بھی جاری رہی جبکہ بگی کے اطراف گھڑ سوار کیڈٹ کا قافلہ بھی ساتھ رہا۔

ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محمد بن سلمان کا استقبال کیا جبکہ بچوں کی جانب سے انہیں گلدستے بھی پیش کیے گئے۔

بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے محمد بن سلمان نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

جس کے بعد ایوان صدر میں سعودی ولی عہد کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزرا، اراکین پارلیمنٹ و دیگر اہم شخصایت شریک ہیں۔

اس کے علاوہ سعودی ولی عہد کے ساتھ آنے والے وفود اور تاجر برادری کے ارکان بھی اس ظہرانے کی تقریب میں موجود ہیں۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب کے آغاز میں پہلے دوست ملک سعودی عرب کے قومی ترانے کی دھن بجائے گئی جس کے بعد میزبان پاکستان کے قومی ترانہ پیش کیا گیا، جس کے بعد تلاوت کلام پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

تلاوت کلام پاک کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کے سب سے اعلیٰ سول اعزاز نشان پاکستان عطا کیا۔

قبل ازیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں پارلیمانی وفد سے ملاقات کی۔

اس کے علاوہ سعودی مہمان نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی علیحدہ سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں وفد کی ملاقات کے بعد صادر سنجرانی کا کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کاری بین الاقوامی برادری کا پاکستان پر اعتماد کی عکاس ہے، اس سرمایہ کاری سے باہمی تعاون اور شراکت داری کے ساتھ علاقائی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔

صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا ویژن 2030 امن، معاشی ترقی اور خوشحالی کا ویژن ہے، سعودی ولی عہد کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ پاکستان میں حالات تبدیل ہوگئے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری اور تجارت کی فضا انتہائی سازگار ہے، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں پارلیمانی وفد کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید پختہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاک سعودی دیرینہ اور برادرانہ تعلقات پر پوری قوم کو فخر ہے، سعودی عرب پر مشکل گھڑی میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ آپ کے دورہ سے پاکستان میں معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، پاکستان اور سعودی عرب مل کر علاقائی اور خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، دونوں ممالک سرمایہ کاری اور شراکت داری سے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

اس موقع پر سعودی ولی عہد نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان برادر دوست ملک ہیں اور دونوں ہر مشکل حالات میں ہمیشہ ساتھ ساتھ رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں