Daily Mashriq

شیخوپورہ: مکان کی چھت منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق

شیخوپورہ: مکان کی چھت منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق

شیخوپورہ: کوٹ عبدالمالک کے نزدیک علاقے فضل کالونی میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

یہ حادثہ بدھ کی صبح پیش آیا جب حادثے کا شکار تمام افراد سورہے تھے، بدقسمت میاں بیوی اور ان کے 5 بچے دو منزلہ مکان کے ایک پورشن میں رہائش پذیر تھے جو بظاہر خستہ حال تھا۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے ان کے ہمسائے کا کہنا تھا کہ مذکورہ خاندان مالی تنگدستی کے سبب مکان کی مرمت نہیں کرواسکا اور تیز بارش کے کچھ گھنٹوں بعد چھت منہدم ہوگئی۔

حادثے کے بعد پڑوسیوں، امدادی کارکنان اور رضاکاروں نے ملبے سے لاشیں نکالیں۔

جاں بحق افراد کی شناخت کامران (عمر 40 سال)، کوثر (35 سال)، بیٹے عبداللہ اور بیت اللہ، اور بیٹیاں بسمہ، مقدس اور علیشہ کے نام سے ہوئی تمام بچوں کی عمریں 5 سے 15 سال کے درمیان تھیں۔

ریسکیو 1122 حکام کا کہنا تھا کہ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کی گئیں جس کے بعد انہیں لواحقین کے سپرد کردیا گیا۔

دوسری جانب فیصل آباد میں بھی چھت گرنے سے ایک جوڑے اور ان کے کم سن بیٹے کو شدید چوٹیں آئیں۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ خستہ حال مکان اشرف نامی شخص کا تھا، تیز بارش کی وجہ سے چھت منہدم ہونے کی وجہ سے اشرف (عمر 35 سال)، حمیرا (32 سال) اور ان کا بیٹا غوث رضا (3 سال) ملبے تلے دب گیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ خاندان کو ملبے سے باہر نکال کر ہسپتال منتقل کیا جہاں ان کی حالت تشویشناک تھی۔

متعلقہ خبریں