Daily Mashriq

شاہین آفریدی نے بھارت سے میچ پر نظریں جما لیں

شاہین آفریدی نے بھارت سے میچ پر نظریں جما لیں

 لاہور:   شاہین شاہ آفریدی نے بھارت سے میچ پر نظریں جما لیں ، وہ اسے عمدہ کارکردگی سے یادگار بنانے کے خواہاں ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائیٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کم عمری میں پاکستان کی نمائندگی اور خاص طور پر ورلڈ کپ میں شرکت کا موقع ملنا بڑے اعزاز کی بات ہے، میگا ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں بڑی مضبوط ہیں، گرین شرٹس کو بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی، مجھے جہاں بھی موقع ملا ٹیم کیلیے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

ایک سوال پر19 سالہ پیسر نے کہا کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ ہی بڑا ہوتا ہے، میں اس مقابلے میں اپنی بہترین پرفارمنس سے پاکستان کی فتح میں یادگار کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔

تجربہ کار پیسرز کا خلا پُرکرنے کا اضافی دباؤ ہونے کے سوال پر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ آج کی کرکٹ میں فاسٹ بولر ہمیشہ پریشر میں کھیلتا ہے، میں اپنا 100 فیصد کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ پوری ٹیم ورلڈ کپ کیلیے سخت محنت کر رہی ہے، تمام کھلاڑی عمدہ کارکردگی پیش کرنے کیلیے پُر عزم ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بڑے بھائی ریاض آفریدی نے پولنگ کے گُر سکھائے، وسیم اکرم کی ویڈیوز سے خاص طور پر کلائی پوزیشن کے بارے میں سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، وقار یونس مجھے یار کر اور سوئنگ میں بہتری لانے کیلیے مشورہ دیتے رہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں