Daily Mashriq

بھارت میں موجوداقلیتیں خود کوغیرمحفوظ محسوس کررہی ہیں:وزیر خارجہ

بھارت میں موجوداقلیتیں خود کوغیرمحفوظ محسوس کررہی ہیں:وزیر خارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ نریندرمودی کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیرقانونی اقدام کے بعد اقلیتیں خصوصاً مسلمان اورمسیحی برادری اپنے آپ کو غیرمحفوظ سمجھتے ہیں۔ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دنیا کے سامنے مودی حکومت کا فسطائی چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ بھارت کشمیری عوام پرزبردستی اپناغیرقانونی اقدام مسلط کرنے کی کوشش کررہاہے تاہم کشمیری رہنمائوں نے جوحریت کانفرنس سے تعلق رکھتے ہیں یابھارت کے حامی ہیں ، اس اقدام کومسترد کردیاہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کااظہار کررہی ہے جبکہ عالمی ذرائع ابلاغ بھی ان خلاف ورزیوں کو بے نقاب کررہے ہیں اور بھارت پردبائو ڈال رہے ہیں۔وزیرخارجہ نے کہاکہ بھارت کی بڑی سیاسی جماعت کانگریس نے بھی مودی کااقدام مسترد کردیاہے۔انہوں نے کہاکہ 54سال بعد کشمیر کامسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھایا گیا ہے جس میں کہاگیاہے کہ اسے اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق حل کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ،بھارت اورکشمیری عوام سمیت کشمیر کے مسئلے کے تین فریق ہیں، شاہ محمودقریشی نے کہاکہ بھارت نے دوفریقوں سے مشاورت کئے بغیروادی میں کرفیونافذکردیاہے۔

متعلقہ خبریں