Daily Mashriq

پریانکا حب الوطنی کے لبادے میں نسل پرستی کو ہوا دے رہی ہیں، مہوش حیات

پریانکا حب الوطنی کے لبادے میں نسل پرستی کو ہوا دے رہی ہیں، مہوش حیات

کراچی: اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے کہ پریانکا چوپڑا حب الوطنی کا لبادہ اوڑھ کر نسل پرستی کو ہوا دے رہی ہیں۔

اپنے ایک انٹرویو میں پریانکا چوپڑا پر تنقید کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ ایک شخصیت جو کہ کسی فلاحی ادارے کی ترجمانی کر رہی ہو انہیں ہمیشہ انسانیت کے فروغ کی بات کرنی چاہیے اور پریانکا یونیسیف کی امن کی سفیر ہیں انہیں ایسے شخص کے بیان کی حمایت نہیں کرنی چاہیے جو آپ کے مشن کے خلاف ہے۔

مہوش حیات نے کہا کہ ہالی ووڈ میں بھی نفرت انگیزی نظر آتی ہے لیکن بالی ووڈ میں مسلم دشمنی اور مسلمانوں سے نفرت انگیزی کا عنصر بہت زیادہ ہے، بھارت کے وزیر اعظم مودی نے پُرتشدد اور سخت گیر رویے کو فلم انڈسٹری میں داخل کر دیا ہے اور ایسے حالات میں پاکستانی فنکاروں کا بالی ووڈ میں کام کرنا مشکل ہے کیوں کہ بالی ووڈ انڈسٹری اوپر سے نیچے تک اسلام سے نفرت میں ڈوبی ہوئی ہے۔

 تمغہ امتیاز کی حامل اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ بالی ووڈ کی فلموں، گانوں اور نعروں کے ذریعے عوام کو مسلمانوں کے خلاف اکسایا جا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کو گوشت کھانے پر اور دیگر چھوٹی چھوٹی باتوں پر قتل کیا جا رہا ہے۔

مہوش حیات نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فلاحی کام کرنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو متحد رہ کر ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیں ناکہ انہیں حصوں میں تقسیم کریں جب کہ پریانکا جیسے لوگ حب الوطنی کا لبادہ اوڑھ کر نسل پرستی کو ہوا دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں