Daily Mashriq

ایپکس کمیٹی کا پنجاب میں دہشتگردی کیخلاف رینجرز کی مدد لینے کا فیصلہ

ایپکس کمیٹی کا پنجاب میں دہشتگردی کیخلاف رینجرز کی مدد لینے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب میں دہشت گردی کے خلاف رینجرز کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ دہشتگردوں اوران کے سہولت کاروں کےخلاف پنجاب میں بے رحمانہ آپریشن ہوگا۔

صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی،صوبائی وزیر انسداد دہشت گردی محمد ایوب،ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات ، جی او سی 10 ڈویژن میجر جنرل سردار طارق امان ،چیف سیکریٹری ،آئی جی پنجاب اور دیگر سول اور عسکری حکام شریک ہوئے۔

شرکاء نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی اور ورثاء کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔اوردہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے کیے گئے اقدامات اور ان کے نتائج کا جائزہ لیا ۔

اجلاس میں پنجاب میں دہشتگردی کےخلاف رینجرزکی مددلینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایپکس کمیٹی کے مطابق رینجرز کی مدد لینے کا طریقہ کار بعد میں طے کیا جائے گا۔

ایپکس کمیٹی نے افغانستان کی سرزمین دہشتگردی کے استعمال کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشتگردوں اورسہولت کاروں کےخلاف بےرحمانہ آپریشن ہوگا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں کالعدم تنظیموں کے تمام چھوٹے بڑے کارندوں کی گرفتاری کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پرشہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے،دہشت گرد اور سہولت کار پاک دھرتی کا ناسور ہیں،انہیں جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔

متعلقہ خبریں