Daily Mashriq


ہم کہاں قسمت آزمانے جائیں

ہم کہاں قسمت آزمانے جائیں

ہو، نوکیا موبائل لاٹری یوکے 2018 نے تمہارے موبائل نمبر کو دس لاکھ امریکن ڈالر کا ایوارڈ دیا ہے۔ یہ مژدہ جاں فزا مجھے جمعہ 16 فروری کی صبح ایک ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہوا۔ ایس ایم ایس ارسال کرنیوالے کے پاس پاکستانی موبائل کمپنی کی سم ہے اور اس کا نمبر ہے 0330-4240106میسج ارسال کرنیوالے نے دس لاکھ ڈالر وصول کرنے کی غرض سے ڈاکٹر کیون سے ای میل کے ذریعے رابطہ قائم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔اگر یہ سچ ہے تو واہ ری میری قسمت اور اگر جھوٹ یا دھوکہ ہے تو پھر سائبر کرائم کسے کہتے ہیں؟ میرے ساتھ ایسا پہلی بار نہیں ہوا، متعدد بار اس قسم کے ایس ایم ایس آتے رہے، نہ صرف ایس ایم ایس، کبھی کبھی تو کوئی براہ راست ٹیلی فون کرکے بھی اس قسم کے پیغامات سے نواز کر ہمارا دل خوش کر تا رہا۔ شروع شروع میں تو ہم ایسے پیغامات کو پڑھ یا سن کر بلیوں اچھلنے لگتے تھے لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ انعام کا لالچ دے کر سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے والا مافیا سرگرم عمل ہے تو ہماری خوشی کے غبارے سے ہوا نکل گئی، یہ مافیا عام طور پر ان لوگوں کو اپنے عزائم کا شکار بناتا ہے جو ’’آج نہیں تو کل جاگیں گے سوئے بھاگ ہمارے‘‘ کی آس پر جیتے رہتے ہیں۔ جب کبھی آپ کسی کام کو سر انجام دینے کیلئے گھر سے باہر نکلیں آپ کو اپنے چہار سو لوگوں کا ہجوم دوڑتا بھاگتا نظر آئے گا۔ کوئی موٹر پر سوار بھاگے جا رہا ہے تو کوئی موٹر بائیک پر بیٹھا ٹریفک چیرتا چلا جا رہا ہے۔ سواریوں والے اور پاپیادہ لوگوں کا یہ ہجوم صبح سویرے اپنے گھروں سے کیوں نکلتا ہے۔ آسان سا سوال ہے اور اس سوال کا جواب بھی بہت آسان ہے کہ یہ لوگ اپنے اور اپنے اہل خانہ کیلئے دانہ دنکا چننے نکلتے ہیں۔ ان سب کا اپنے کام کاج پر بروقت پہنچنا بہت ضروری ہے اسی لئے یہ سب لوگ صبح سویرے اپنی دھن میں رواں دواں دوڑتے چلتے آگے بڑھتے نظر آتے ہیں۔بلدیہ پشاور کے آفیسر ریاض اعوان کے دل میں جانے کیوں اپنی رہائش گاہ پر مشاعرہ کرانے کا خیال پیدا ہوا تھا ان دنوں۔ انہوں نے بزم یاران سخن کے احباب کو اپنے دولت کدے پر مشاعرہ برپا کرنے کی غرض سے جمع کیا۔ راقم السطور بیتے زمانے کی اس ادبی تنظیم کا جنرل سیکرٹری تھا لیکن وہ اس محفل مشاعرہ میں اول تا آخر شامل رہنے کے قابل نہیں تھا کہ ریڈیو پاکستان پشاور والوں نے اسے لائیو پروگرام پیش کرنے کیلئے بک کیا ہوا تھا۔ اس نے مقررہ وقت پر آن ایئر آنا تھا لیکن مشاعرہ میں شامل ’یاران سخن‘ اسے ریڈیو جانے کی اجازت نہیں دے رہے تھے۔ ارے تم جنرل سیکرٹری ہو، تم بھلا کیسے جا سکتے ہو مشاعرے کی محفل چھوڑ کر۔ کون سمجھاتا ان کو کہ میں کمٹمنٹ کر بیٹھا ہوں۔ میری بکنگ ہے مجھے مقررہ وقت پر پہنچنا ہے۔ جب دیکھا کہ میری بات اور مجبوری کو مشاعرہ گاہ میں موجود دوستوں میں سے کوئی نہیں سمجھ پا رہا تو میں ان کو بتائے بغیر ہی ریاض اعوان کی مشاعرہ گاہ سے نکل کر ریڈیو پاکستان پشاور کا راستہ ناپنے لگا مگر اس دوران میرے دل پر جو گزر رہی تھی وہ ریڈیو سٹیشن پہنچتے پہنچتے ایک غزل کا روپ دھار چکی تھی۔ 

آپ سے دور ہوں اے میرے دوستو

کتنا مجبور ہوں اے میرے دوستو

وعدہ بچوں سے تھا جو نبھانا پڑا

میں تو مزدور ہوں اے میرے دوستو

آتش رزق کی جستجو ہے مجھے

برسر طور ہوں اے مرے دوستو

یہ جو آتش رزق کی جستجو ہوتی ہے نا انسان کو سچ مچ برسر طور پہنچا دیتی ہے۔ صبح سویرے اپنے گھروں سے نکل کر کام کاج کی تلاش میں نکل کھڑے ہونیوالے لوگوں کے چہروں کی طرف دیکھیں یوں لگتا ہے جیسے ان میں سے ہر کوئی اپنے آپ سے یا اپنے کسی ہمزاد سے باتیں کرتے ہوئے زندگی کی پیاس بجھانے کیلئے کنواں کھودنے جا رہا ہو۔ زندگی آباد ہے ان محنت کشوں کے دم قدم سے، لیکن ان کے منہ سے نوالہ چھیننے والے ان کی جیبوں کو کاٹنے والے ان کی محنت کی کمائی کو ہڑپ کرنیوالے ہمیشہ ان کی تاک میں رہتے ہیں۔ کبھی بھکاری بن کر، کبھی انعام کا لالچ دے کر، کبھی ڈبل شاہ کا روپ دھار کر، چوری سینہ زوری ڈکیتی لوٹ مار کی خبریں ہمارے اخبارات کی شہ سرخیاں بنتی رہتی ہیں۔ جن کے پس منظر سے مشتری ہوشیار باش کی آوازیں انسان کو جاگتے رہو کی تلقین کرتی رہتی ہیں لیکن اس کے باوجود ہمیں لوٹنے والے طرح طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے لوٹنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ جس وقت میں یہ سطور لکھ رہا تھا آپ یقین کریں مجھے عین اس وقت ایک اور ایس ایم ایس موصول ہوا ’’بینظیر پروگرام سے 28,000 مبارک ہوں، معلومات کیلئے 0305-2860876 پرکال کریں‘‘ بیٹھے بٹھائے مجھے دس لاکھ امریکن ڈالر کے علاوہ اٹھائیس ہزار پاکستانی روپے بھی مل گئے اور کیا مانگوں، کوئی تو ہو جو دلوادے مجھے یہ رقم کہ میں بھی اس معاشرے کا حصہ ہوں جو رزق حلال کی بجائے چھینا جھپٹی اور لوٹ کھسوٹ کو عین عبادت سمجھتا ہے۔ وہ جو کہا ہے احمد ندیم قاسمی نے کہ

جنت ملی جھوٹوں کو اگر جھوٹ کے بدلے

سچوں کو سزا میں ہے جہنم بھی گوارا ہے

متعلقہ خبریں