Daily Mashriq


مستونگ اور پشاور دھماکوں کے خودکش حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی

مستونگ اور پشاور دھماکوں کے خودکش حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی

ویب ڈیسک:انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن بٹ کا کہنا ہے کہ مستونگ میں خودکش حملہ کرنے والے دہشت گرد کی شناخت کرلی گئی ہے جب کہ ایڈیشنل آئی جی خیبرپختونخوا نے بھی ہارون بلور پر حملے کے مرکزی کردار کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔

آئی جی بلوچستان کا کہنا ہے کہ مستونگ خودکش بمبار کی شناخت ہوگئی ہے، حملہ آور کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔ سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی بلوچستان کا کہنا تھا کہ مستونگ میں خودکش حملہ کرنے والے کی شناخت کرلی ہے، خودکش حملہ آور کا نام حافظ نواز ہے اور تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔

آئی جی بلوچستان نے بتایا کہ خودکش حملہ آور حافظ نواز ایبٹ آباد سے سندھ گیا جہاں وہ مختلف لعدم تنظیموں سے وابستہ رہا اور بعد میں کالعدم شدت پسند تنظیم داعش میں شمولیت اختیار کرلی۔  بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی بھی داعش نے ہی کی تھی۔ خودکش بمبار کے دو سہولت کاروں کا بھی پتہ چل گیا ہے،سہولت کارون کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے شہید رہنما ہارون بلور کے حوالے سے خیبرپختون خوا پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ہارون بلور پر حملہ کرنے والے خودکش بمبار کا پتہ لگا لیا گیا ہے، خود کش حملہ آور کا تعلق ہنگو سے تھا۔ ہارون بلور کو کوئی تھریٹ موصول نہیں ہوا تھا اس سلسلے میں جے آئی ٹی بنا دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں