Daily Mashriq

فضائی حدود کی بندش سے 8 ارب روپے کا نقصان ہوا، وفاقی وزیر

فضائی حدود کی بندش سے 8 ارب روپے کا نقصان ہوا، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو بھارتی جارحیت کے بعد فضائی حدود کی بندش سے 8.5 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ 'یہ ہماری صنعت کا مجموعی سطح پر بڑا نقصان ہے تاہم اس پابندی سے بھارت کو ہم سے دوگنا نقصان ہوا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس اہم موڑ پر دونوں طرف سے کشیدگی میں کمی کرنے والے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے'۔

سی اے اے کے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سی اے اے کی تنظیم نو کی تجویز تکنیکی بنیادوں پر ہے جس سے ادارے میں نئی تیزی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'سی اے اے کے ریگولیٹری اور کمرشل/ائیرپورٹ سروسز فنکشن کو علیحدہ کرنے کا مقصد ادارے کی استعداد کو بڑھانے اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے سوا کچھ بھی نہیں'۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کسی قسم کی ڈاﺅن سائزنگ یا راٹ سائزنگ نہیں ہوگی بلکہ نمو زور پکڑے گی۔

انہوں نے برطانوی طیاروں کی پاکستان میں پرواز کی بحالی کو پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کی کامیابی قرار دی اور کہا کہ کئی دیگر بین الاقوامی ایئرلائنز پاکستان میں اپنے آپریشنز کے لیے حکومت سے رابطہ کر رہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 'سی اے اے، پی آئی اے اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کا ہیڈکوارٹر اسلام آباد منتقل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں'۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ 60 فیصد سے زائد ایوی ایشن سے متعلق کام پاکستان کے شمالی علاقے میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد میں مزید افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں