Daily Mashriq

پی ایس ایل فائنل کے آن لائن ٹکٹ چند منٹ میں فروخت

پی ایس ایل فائنل کے آن لائن ٹکٹ چند منٹ میں فروخت

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل کے ٹکٹ کی آن لائن فروخت شروع ہو گئی ہے جس میں سے 500 اور ڈھائی ہزار روپے مالیت کے تمام ٹکٹ محض چند منٹوں میں فروخت ہو گئے۔

17مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے فائنل کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ہونے والے کوالیفائر اور ایلیمنیٹر میچوں کے ٹکٹوں گزشتہ رات آن لائن فروخت کے لیے پیش کیے گئے۔

پی ایس ایل فائنل کے جنرل اور فرسٹ کلاس انکلوژر کے تمام آن لائن ٹکٹ 10 سے 15 منٹ میں فروخت ہو گئے جہاں جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ 500 جبکہ فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹ 2000 روپے میں دستیاب تھے۔

پی ایس ایل فائنل کے لیے ٹکٹ کی قیمت 500 سے 8000 تک مقرر کی گئی ہے اور فائنل کے صرف 20 فیصد ٹکٹ آن لائن فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔

فائنل میچ کے باقی 80 فیصد ٹکٹ 25 فروری سے نجی کوریئیر کمپنی کی مقرر کردہ آئوٹ لیٹ پر دستیاب ہوں گی۔

اس کے علاوہ پاکستان میں ہونے والے کوالیفائر اور ایلیمنٹر میچز کے ٹکٹوں کی قیمت 500 روپے سے 3ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہے۔

پہلا ایلیمنیٹر میچ 12مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ کوالیفائر میچ 13مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا دوسرا ایلیمنیٹر میچ 15مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد ایونٹ کے دو بہترین ٹیمیں 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹرافی کے حصول کے لیے نبرد آزما ہوں گی۔

متعلقہ خبریں