Daily Mashriq

خاص و آم

خاص و آم

عنوان میں چوں کہ محاورے میں تصرف ہوا ہے اس لیے پہلے اس تصرف کی توجیہ ضروری ہے۔ سب لوگ جانتے ہیں کہ یہ موسم کوئی عام موسم نہیں بلکہ موسم آم ہے۔ وہی موسم جس کے بارے میں علامہ اقبال نے اکبر الہ آبادی کو یہ تلقین کی تھی کہ:

وعدہ نہ کوئی دید کا پیغام بھیجئے

اس فصل میں جو بھیجئے تو آم بھیجئے

تو یہ ہوئی توجیہ ع حذف کرنے کی لیکن اصل موضوع تک پہنچنے میں خلافت عباسیہ کا ایک معجز نما واقعہ یاد آگیا ایک نہیں دو ع حذف کرنے کا۔ لیجیے اس بیچ کے بیچ پھر ایک ضرب المثل در آئی جو یوں ہے کہ جو پیامن بھائے وہی سہاگن کہلائے۔ تو خلیفہ ہارون رشید اپنی ایک حبشن باندی کی جانب ملتفت تھے ساتھ ہی درباری شاعر کو بھی قصیدہ خوانی کے لیے تخلیے ہی میں یاد فرمالیا تھا۔ آپ کہیں گے کہ یہ بھلا درباری شاعر کو یاد فرمانے کا کیا محل تھا تو راقم آپ کے اس سوال کا جواب بھی ایک فارسی کہاوت ہی کے ذریعے دے گا کہ: رموز مملکت خویش خسرواں دانند (اپنی سلطنت کے راز خود بادشاہ ہی جانتے ہیں)اگر موقع محل سے تصرف کرنا چاہیں تو خویش کی جگہ عشق اور خسرواں کی جگہ عاشقاں کر لیجیے۔ قصہ کوتاہ شاعر نے پورے ادب آداب کے ساتھ قصیدہ سنایا لیکن خلیفہ اس پیا چاہی حبشن کے سحر میں اس حد تک مبتلا تھے کہ چشم و گوش کو اس پر مرکوز رکھا اور شاعر کی جانب بھولے سے بھی نہ دیکھا نہ قصیدے کا کوئی شعرسنا۔ شاعر تو کہتے ہیں فطرتا حساس ہوتے ہیں چناںچہ قصیدہ خواں محروم التفات بیک بینی و دوگوش وہاں سے رخصت ہوئے لیکن محل سرا کے دروازے پر اپنے دل کا غبار یہ شعر لکھ کر نکالا:

لقد ضاع شعِری علی بابِک

کما ضاع عقد علی خالِصہ

ہاں راقم یہ لکھنا بھول گیا کہ امیرالمومنین نے خالصہ یعنی حبشن کو ایک نولکھا ہار مرحمت فرمایا تھا جو وہ زیب گلو کیے ہوئے تھی تو اب شعر کا مطلب سمجھیے۔ آپ کی جناب میں میرے اشعار اس طرح ضائع ہوئے جس طرح خالصہ کی گردن میں پڑ کر نولکھا ضائع ہوا۔ چند ہی لمحوں میں یہ شعر امیرالمومنین تک پہنچ گیا اور اس نمک حرام شاعر کی فوری طلبی ہوئی۔ شاعر کو اپنے شاعرانہ کمال کا اظہار ہی مطلوب تھا۔ چناںچہ تعمیل حکم میں دوڑا دوڑا آیا، البتہ قصر شاہی میں داخل ہوتے ہوئے کاندھے پر پڑے ہوئے رومال کے پلو سے شعر کے دونوں عینوں کے دائرے مٹادیے(شعر عمدا چاک ہی سے لکھا ہوگا)اب شعر میں دائرے مٹنے پر دونوں مصرعوں میں ضاع (ضائع ہوا)کی جگہ ضا نظر آرہا تھا اور شعر یہ معنی دے رہا تھا آپ کی جناب میں میرے اشعار نے وہ ضیا پائی یعنی روشن ہوئے جس طرح خالصہ کے گلے میں پڑ کر نولکھا ہار روشن ہوگیا تھا۔ گو یہ رمز رموز مملکت نہ تھا لیکن رمز شناس خلیفہ ہارون رشید نے خالصہ کا صدقہ اتار کر شاعر کو انعام سے نوازا۔ قصیدہ گو کے اس معجزاتی کمال پر مستزاد کسی باذوق کا تبصرہ تھا عینین(عربی میں عین کے معنی آنکھ کے اور کیا عجب کے عینک نے اپنا نام یہیں سے پایا ہو) یعنی دو آنکھیں نکل جانے سے شعر اندھا ہونے کے بجائے اور روشن ہوگیا۔راقم کو اعتراف ہے کہ مذکورہ بالا تحریر اس محفل کی روداد سے عین انحراف ہے جو قارئین کی خدمت میں پیش کرنی تھی۔ لیکن اس انحراف کا ذمے دار بھی خاص کے مقابلے میں عام کے بجائے ع کا حذف ہوجانا تھا۔ لیکن خاص محفل آم کا ذکر مطلوب ہے اس میں تو میزبان کے برادران و اعزہ واحباب کے ساتھ وہ افراد بھی تھے جن کا شعری شغف آزمودہ تھا یہاں تک کہ معروف شاعر عاصی اختر تو آموں کے مخزن میرپور خاص تک سے کھینچے چلے آئے تھے۔

تو جناب میزبان تھے سوداگرانِ دلی کی معروف شخصیت اور برادری کے معتبر ماہنامے سوداگر کے دیرینہ مدیر محمد اقبال راجا لوہیا صاحب۔ جن کے ہاں ہر سال دعوتِ آم کے نام سے دعوتِ خاص منعقد ہوتی ہے۔ دیگر مہمانوں کے علاوہ اس محفل میں خازن اشعار پروفیسر محسن بھی رونق افروز تھے۔ جن کے ہوتے ہوئے کسی اور خوش ذوق کی ضرورت نہیں ہوتی۔نمازِ عشا کے بعد نہایت پرتکلف دعوتِ طعام ہوئی اور پھر حسبِ توفیق آم خوری ہوئی، آم ٹھنڈے بھی تھے بہت بھی تھے اور کثرت خاص الخاص قسم انورٹول کی تھی جو سامنے ہو تو پیٹ بھرنے کے باوجود نیت نہیں بھرتی۔ اس کے بعد جملہ مہمانان دوبارہ وسیع و عریض ڈرائنگ روم میں آکر براجمان ہوگئے جہاں مہمانوں کی کثرت کے سبب گھر کے خوردگان کے لیے مشکل سے جگہ نکل سکی۔ شعری محفل اس اعتبار سے منفرد تھی کہ آٹے میں نمک کی مقدار میں شعرا کے علاوہ (اور وہ بھی مزاح گو جو عربی کے اس مقولے پر پورے اترتے ہیں کہ المزاح فی الکلام کالمح فی الطعام) کلام میں مزاح کی وہی حیثیت ہوتی ہے جو طعام میں نمک کی اور اس اتراہٹ میں بھول جاتے ہیں کہ نمک اگر زیادہ ہوجائے تو کھانے والے کھانے سے ہاتھ کھینچ لیتے ہیں محفل اس قدر دلچسپ تھی کہ وقت گزرنے کا احساس ہی نہیںہوارات کے تقریبا ساڑھے بارہ بجے یہ دعوت خاصِ آم تکمیل پزیر ہوئی اب جو زندہ رہے گا وہ اگلے سال پھر اس محفل سے لطف اندوز ہوگا اور رہا جو زندہ تو ہر سال بندہ حاضر ہے۔ جو چل بسے تو یہ اس کا سلام آخر ہے۔

متعلقہ خبریں